کوئٹہ: حب میں دستی بم حملے میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔ڈیرہ بگٹی سے سات کلو بارودی مواد برآمد کرکے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔ کوئٹہ اور تربت میں سرچ آپریشن کے دوران سات مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے متصل بلوچستان کے صنعتی شہر حب کے علاقے جام کالونی میں واقع غلام جان محمد حسنی ولد ماسٹر محمد رضا کے گھر پر دستی بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں غلام جان محمد حسنی سمیت دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں سول اسپتال حب منتقل کردیا گیا۔ زخمی غلام جان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے جبکہ دوسرے زخمی کو کراچی منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق غلام جان محمد حسنی کالعدم تنظیم کا سابق کمانڈر بتایا جاتا ہے جو حکومت کی جانب سے عام معافی کے اعلان کے بعد ہتھیار ڈال کر تسلیم ہوگئے تھے۔ ادھر ڈیرہ بگٹی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔ترجمان ایف سی کے مطابق سوئی کے علاقے مٹ کے مقام پر ایف سی نے خفیہ اطلاع پر سات کلو بارودی مواد ، پچیس ڈیٹونیٹر اور مواصلاتی آلات برآمد کرکے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ دریں اثناء کوئٹہ کے علاقے سریاب اور موسیٰ کالونی میں پولیس اور ایف سی نے مشترکہ کارروائی کے دوان تین مشتبہ افرا دکو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول ،چھبیس کارتوس اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ گرفتار افراد میں علاؤ الدین، حبیب خان اور رسول بخش شامل ہیں جن سے تفتیش شروع کردی گئی۔ دریں اثناء ضلع کی تحصیل دشت میں مند کے قریب ایف سی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ، دوربین، فوجی وردیاں ،مواصلاتی آلات اور تخریبی مواد برآمد کیا گیا ۔ ایک اور کارروائی ضلع کیچ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر تربت میں واقع ایئر پورٹ پر کی گئی جہاں سیکورٹی فورسز نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق مشتبہ شخص کی شناخت تربت کے علاقے سری کلگ گورپ کے رہائشی نیک سال روزی کے نام سے ہوئی ہے جو تربت سے شارجہ جارہا تھا۔