|

وقتِ اشاعت :   July 4 – 2023

تربت:  نیشنل پارٹی، بی این پی، لالا رشید /آزاد پینل، کاروان اکبر آسکانی اوربی این پی عوامی کے درمیان ضلع کونسل کیچ کے چیئرمین شپ کیلئے انتخابی اتحاد کا اعلان، کیچ کو غیر سیاسی عناصر کے چنگل سے نکالنے کیلئے سیاسی قوتوں کا اتحاد ناگزیر قرار، ضلع کونسل کیچ کے چیئرمین شپ کیلئے نیازکیازئی اور وائس چیئرمین کیلئے بی این پی کے شے نزیر احمد متفقہ امیدوار ہوں گے

یہ اعلان منگل کے روز بی این پی کے ضلعی دفتر میں بی این پی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر عبدالغفور بلوچ، نیشنل پارٹی کے ریجنل سیکرٹری برائے مکران واجہ ابوالحسن، لالا رشید، آزاد پینل کے لالا رشیددشتی، نیازکیازئی، بی این پی عوامی کے مرکزی نائب صدر ظریف زدگ بلوچ ودیگرنے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پریس کانفرنس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، مرکزی سیکرٹری جنرل میرجان محمدبلیدی، سینیٹر کہدہ اکرم دشتی، مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فداحسین دشتی، سابق سینیٹر میر منظور احمدگچکی، جسٹس (ر) شکیل احمدبلوچ، نثار احمدبزنجو، ناظم الدین ایڈووکیٹ، ملابرکت بلوچ، میئرتربت بلخ شیر قاضی، ڈاکٹر سجاد دشتی،مشکور انور بلوچ، محمدجان دشتی، کہدہ عزیز دشتی، نعیم عادل، بی این پی کے مرکزی رہنما میر حمل بلوچ، واجہ شئے نزیر احمد، عبدالواحد بلیدئی، شئے ریاض احمد،سید جان گچکی، نصیر احمد گچکی، نصیر احمد بگی، ندیم شمبے زئی، منظور رئیس، حاجی عبدالرحمان شمبے زئی، صلاح الدین سلفی، آفتاب گچکی،شئے نصرت، الطاف اکبر، محسن بلوچ، چیئر مین امام، کاروان اکبر آسکانی کے رہنما میر الیاس آسکانی، میرجاسم گہرام، رئیس ماجد شاہ، رسول بخش بلوچ، لالا رشیددشتی /آزاد پینل کے رہنما جاویدکریم دشتی، میر حاصل بزنجو، وارث دشتی، اسحاق دشتی،میرکینگی دشتی سمیت دیگر رہنما موجودتھے، بی این پی کے مرکزی رہنما ڈاکٹرعبدالغفور بلوچ نے کہاکہ بلوچستان میں سیاسی کلچر کو دانستہ طورپر ختم کرنے کی سازشیں رچائی جارہی ہیں، قومی اسمبلی سے لیکر بلدیاتی کونسلر تک عوام کے حق رائے دہی پر شب خون ماراجاتاہے۔

عوام کو حق رائے دہی سے محروم رکھنے کی وجہ سے ملک ہمیشہ سیاسی، معاشی، سماجی بحرانوں کی لپیٹ میں رہتا ہے، عوام کی رائے کو اہمیت نہ دینے کی پاداش میں ملک دولخت ہوگیاہے، عوامی حق رائے پر شب خون کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے بلوچستان میں صورتحال بدتر ہے انہوں نے کہاکہ ان حالات میں حقیقی قوم پرست جماعتوں اور باشعور سیاسی کارکنوں کا اتحاد ناگزیر ہے اسی ضرورت کومحسوس کرتے ہوئے غیر سیاسی عناصر کا راستہ روکنے، عوام کو آزادانہ سیاست کا حق دلانے کیلئے ہم متحد ہوئے ہیں اور چیئرمین شپ کے امیدوارنیازکیازئی اور وائس چیئرمین شے نزیر احمد کی کامیابی کیلئے پوری ایمانداری کے ساتھ کوشش کریں گے اگرکسی نے فلورکراسنگ کی کوشش کی تو آئینی طریقہ کار اختیارکرتے ہوئے ایسے ارکان کے خلاف ایکشن لیاجائے گا۔

نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن واجہ ابوالحسن بلوچ نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کایہ اتحاد کیچ کی ضرورت ہے اتحادی جماعتیں بلدیاتی الیکشن میں بہتر رول اداکریں گے، دو ڈھائی ماہ کی جدوجہد اوررابطہ کاری کے بعد نیازکیازئی اور شے نزیر احمد میدان میں اتارے ہیں جس کا مقصد سیاسی کلچرکو پروان چڑھاکر غیر سیاسی کلچر کا راستہ روکنا ہے،6جولائی کو یہ اتحاد بھاری اور واضح اکثریت سے میدان مارلے گی، صوبائی مشیر پی ایچ ای لالا رشیددشتی نے میں اورنیاز کیازئی شروع دن سے ایک ساتھ رہے ہیں اور نیشنل پارٹی کے ساتھ رابطے میں رہے تاکہ غیر سیاسی عناصر کا راستہ روکنے کیلئے کوئی راستہ نکال سکیں کیونکہ سیاسی حوالے سے کیچ کی ایک پہچان اور شناخت ہے۔

کیچ بلوچستان کی سیاست کامرکز ہے اسے داغدار نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے ڈاکٹرمالک، جان محمدبلیدی اور ڈاکٹر عبدالغفور بلوچ کا شکریہ اداکیا، بی این پی عوامی کے مرکزی نائب صدر ظریف زدگ بلوچ نے کہاکہ غیر سیاسی عناصر کا راستہ روکنے کیلئے سیاسی قوتوں کا یکجا ہونا نیک شگون ہے اورامیدہے کہ ہمارے مشترکہ امیدوار نیاز کیازئی اور شے نزیر احمد عوام کی لاج رکھ لیں گے، ضلع کونسل کیچ کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین نیازکیازئی نے کہاکہ کیچ کی سیاسی قیادت نے مجھ پر اعتمادکرکے مجھے بطور چیئرمین نامزدکیاہے جس پر میں آپ سب کا شکرگزارہوں اورمیری کوشش ہوگی کہ عوام کے اعتمادپر پورا اتروں اور اس اتحاد واتفاق کومزید آگے بڑھاسکوں۔