|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ایف سی کی جانب سے سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ مزید سترہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایف سی حکام کے مطابق کوئٹہ کے علاقوں گوالمنڈی ، ٹین ٹاؤن، سرکی روڈ ، بروری روڈ ، سریاب روڈ اور نواں کلی کے علاقوں میں پولیس اور ایف سی نے مشترکہ سرچ آپریشن کئے اور سترہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ گوالمنڈی، ٹین ٹاؤن، سرکی روڈ اور بروری روڈ سے گرفتار ہونے والے پندرہ افراد سے چھ پستول، چار کلاشنکوف، دو رائفلیں اور سینکڑوں کارتوس برآمد کئے گئے انہیں مزید کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں کے عملے کے حوالے کردیا گیا۔ جبکہ نواں کلی سے گرفتار دو افراد سے تین پستول برآمد کئے گئے اور انہیں مزید کارروائی کیلئے زرغون آباد پولیس تھانے کے حوالے کردیا گیا۔ دریں اثناء بلوچستان کے ضلع پنجگور اور نصیرآباد میں ایف سی نے کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایف سی ذرائع کے مطابق پنجگور کی تحصیل پروم میں پاک ایران سرحد سے ملحقہ علاقے میں ایف سی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا جو دہشتگردی کی وارداتوں میں استعمال کیا جانا تھا تاہم کارروائی کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔برآمد ہونے والے اسلحہ میں ایک راکٹ لانچر ، 4راکٹ گولے ، 2راکٹ فیوز، 4بیٹریاں، 3 ڈیٹونیٹرز،ایک چینی ساختہ لائٹ مشین گن بمعہ 500کارتوس، 6کلاشنکوف بمعہ 4میگزین، ایک سنائپر رائفل ، ایک عدد تھری ناٹ تھری رائفل ، دو رائفلیں بمعہ 55کارتوس، ایک عدد چینی ساختہ 7.62ایم ایم رائفل، ایک ایرانی ساختہ جی تھری رائفل بمعہ110کارتوس اورکلاکوف کے26کارتوس شامل ہیں۔ ایک اور کارروائی پنجگور کے پہاڑی علاقے میں کی گئی جس کے دوران ایک مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اور تین کلو منشیات برآمد کی گئی۔ ادھر نصیرآباد کی تحصیل ڈیرہ مراد جمالی میں پٹ فیڈر کے قریب ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا اور کالعدم بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی سے تعلق کے شبے میں تاج الدین عرف تاجو کو گرفتار کرلیا۔