سان فرانسسكو: میٹا کی ذیلی میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ ایک نیا فیچر متعارف کرانے جارہا ہے جس کے بعد صارف کو کمیونیٹز میں اپنے فون نمبر کو ظاہر یا پوشیدہ رکھنے کے حوالے سے مزید اختیار دیا جائے گا۔
واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق فون نمبر پرائیویسی نامی یہ فیچر صارفین کو اپنا نمبر کمیونیٹی کے دیگر ممبران سے پوشیدہ رکھنے کا اختیار دے گا۔
کمپنی کی جانب سے اٹھائے جانے والے اس اقدام کا مقصد صارفین کی پرائیویسی کو مزید مؤثر بنان ہے، جس کی سیٹنگ صارفین کمیونیٹیز کے حساب سے کر سکیں گے۔
البتہ، اس فیچر کی کچھ حدود بھی ہیں اور وہ یہ کہ کمیونیٹی ایڈمن کا نمبر کمیونیٹی ممبران سے اور کمیونیٹی ممبران کا نمبر کمیونیٹی ایڈمن سے چھپایا نہیں جا سکے گا۔
اس فیچر کا استعمال کرتے ہوئے صارفین مکمل گمنامی کے ساتھ کمیونیٹی میں پیغام بھیج سکیں گے۔ ساتھ ہی اگر کوئی صارف کسی دوسرے ممبر کو میسج کرنا چاہتا ہو اور اس شخص کا نمبر پوشیدہ ہو تو نمبر شیئر کرنے کے لیے درخواست بھی بھیجی جا سکتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے مستقبل میں اس فیچر کو گروپ تک وسیع کرنے کا منصوبہ ہے۔
یہ فیچر فی الحال چند بیٹا صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے اور توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ جلد ہی تمام صارفین کے لیے اسے متعارف کرا دیا جائے گا۔