|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2016

کوئٹہ: ایرانی سرحدی فورسز نے پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پنجگور کے سرحدی علاقے میں پانچ مارٹر گولے داغے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی خلاف ورزی کا یہ واقعہ 24فروری کی رات گیارہ بجے کے قریب پاک ایران سرحد پر واقع پنجگور میں پیش آیا ۔ ایرانی بارڈر سیکورٹی فورس کی جانب سے ایرانی حدود سے یکے بعد دیگرے داغے گئے پانچ مارٹر گولے بارڈر چیک پوسٹ نمبر170کے قریب پنجگور کے سرحدی علاقے آسکان نالہ میں کھلے میدان میں گرے اور زوردار دھماکوں سے پھٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایران کئی بار اس طرح کی سرحدی خلاف ورزیاں کرچکا ہے جس پر گزشتہ ماہ کوئٹہ میں ہونے والے پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن میں پاکستانی حکام نے احتجاج بھی کیا تھا۔