|

وقتِ اشاعت :   August 5 – 2023

اسلام آباد :وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پنجرہ پل کی مرمت نہ ہونے کا معاملہ وزیراعظم کے نوٹس میں لایا جائے گا، نئی یونیورسٹیوں کے قیام سے متعلق کوئی بل عجلت میں منظور نہیں کیا جائے گا۔ جمعہ کو سینیٹر دنیش کمار کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گیس واجبات اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جو تحفظات تھے ان کے حل کیلئے خصوصی کمیٹی بنائی گئی ہے.

 تین دن میں یہ تحفظات حل کئے گئے اور اس سلسلہ میں عملی اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجرہ پل کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے وزیر مواصلات خود صورتحال واضح کریں گے لیکن میں یہ معاملہ وزیراعظم کے نوٹس میں لاؤں گا، وزیراعظم نے بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے پہلے بھی اقدامات کئے ہیں اور اب بھی اس حوالے سے عملی قدم اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں نئی یونیورسٹیوں سے متعلق جتنے بھی بل منظور ہوئے ہیں وہ جب یہاں ایوان بالا میں پیش ہوں تو ان کا بغور جائزہ لیا جائے اور انہیں قائمہ کمیٹی کو بھجوایا جائے تاکہ اس حوالے سے پتہ چل سکے کہ این او سی اور یونیورسٹیوں سے متعلق دیگر تقاضے پورے ہو رہے ہیں کہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ یونیورسٹیوں سے متعلق کوئی بل عجلت میں منظور نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے مردم شماری کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بلوچستان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، بلوچستان کی ترقی اور بلوچستان کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے