گوادر: گوادر میں جعل سازی سے پٹواریوں نے 1994میں فوت ہونیوالے شخص کی زمین 2009میں دوسرے شخص کے نام پر ٹرانسفر کردی،لواحقین نے داد رسی کیلئے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دے دی،مصدقہ ذرائع کے مطابق مرحوم رجب کے پسماندگان حمل ولد رجب اور نور بی بی بنت مرحوم رجب نے ڈپٹی کمشنر عبدالحمید ابڑو گوادرکو ایک درخواست داد رسی دی ہے کہ انکے والد رجب ولد داد اللہ 22 اگست1994کو وفات کر چکے ہیں اور انکی تدفین کراچی میں کی گئی ہے لیکن انکے والد کے اراضی کھتونی و کھیوٹ نمبر 23/23انتقال نمبر 149موضع چب ریکانی گوادر جعل سازی اور ملی بھگت سے 3مارچ 2009میں عبدالغفور حسین سکنہ چب ریکانی کے نام پر حاجی ظاہر شاہ نامی پٹواری نے جعلی انگھوٹی لگا کر انتقال کردی ہے،جس سے وہ اپنے جدی اور پشتی جائیداد سے محروم ہوئے ہیں ،رجب اللہ داد کے پسماندگان نے ڈپٹی کمشنر عبدالحمید ابڑو کو درخواست میں انصاف اور انتقال کی منسوخی کی اپیل کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیاہے ،باخبر ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے تحقیقات کے احکام جاری کرتے ہوئے تمام ریکارڈ کی چھان بین کر کے ملوث پٹواریوں اور اس میں ملوث دیگر افراد کے خلاف کیس انٹی کرپشن میں دینے پر غور کر کے اور ملوث افراد کیخلاف محکمانہ کاروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔