وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان سے نگران وزیراعظم کے انتخاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئینی طریقہ کار پر چلتے ہوئے ایک اچھے نام پر اتفاق ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مشاورت میں مدد کی، انوارالحق کاکڑ ایک پڑھے لکھے اور محب وطن شخص ہے۔ تمام جماعتوں کی طرف سے انوارالحق کاکڑ کے نام پر اعتمادہمارے درست انتخاب کی علامت ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ نگران وزیراعظم ملک میں شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کویقینی بنائیں گے،16 ماہ میں ماہ میں ملک کوجس معاشی استحکام سے ہمکنار کیا ہےامید ہےاس کا تسلسل جاری رہےگا۔ دعا گو ہوں کہ نگران وزیراعظم اور ان کی کابینہ عوام اورآئین کی توقعات پر پورا اتریں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا آج رات قوم سے خطاب کا بھی امکان ہے، وزیراعظم اتحادی حکومت کی کارکردگی پر بات کریں گے۔ ملکی معیشت اور سیاسی حالات سے متعلق امور پر گفتگو کریں گے۔ خارجہ امور، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں سے متعلق اقدامات پر روشنی ڈالیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے آج اپنے اعزاز میں مجوزہ گارڈ آف آنر کی تقریب ملتوی کرادی اور گارڈ آف آنر لئے بغیر ہی لاہور چلے گئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا 14 اگست کو اسلام آباد واپس آنے کا پلان ہے جہاں انہوں نے 14 اگست کو گارڈ آف آنر لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی سمری پر صدر مملکت نے بھی دستخط کردیے ہیں۔ نگران وزیراعظم کی حلف برداری کا شیڈول کابینہ ڈویژن جاری کرے گا۔