کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں دو گروہوں کے درمیان تصاادم میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ لیویز کے مطابق جھل مگسی کی تحصیل گنداواہ کے علاقے گوٹھ قاضی اسماعیل میں سردار لاشاری اور وڈیرہ امیر بخش لاشاری کے گروہوں کے درمیان پرانی دشمنی کی بناء پر تصادم ہوا۔ دونوں گروہوں کے مسلح افراد نے ایک دوسرے کے خلاف مورچہ بند ہوکر شدید فائرنگ کی۔ دو طرفہ فائرنگ میں سردار لاشاری گروہ کے تین افراد جاں بحق ہوئے جن کی شناخت محمد عارف ، ظفر علی اور مہراللہ کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی کی فضاء پائی جاتی ہے۔یاد رہے کہ اس دشمنی میں پہلے بھی کئی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔