|

وقتِ اشاعت :   August 15 – 2023

میکسیکوسٹی:میکسیکو کے ایک علاقے سے حکام کوفریزروں سے ایک درجن سے زائد لاشیں مل گئی ہیں۔ یہ ان افراد کی لاشیں جنہیں منشیات کے کارٹل کی جانب سے تشدد کرکے مارا گیا تھا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پراسیکیوٹر ویرونیکا ہرنینڈز نے بتایا کہ مشرقی ریاست ویراکروز کے شہر پوزا ریکا میں خوفناک دریافت کے بعد چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

پراسیکیوٹر نے کہا ابتدائی تحقیقات کے مطابق بدقسمتی سے 13 سے زیادہ لاشیں ہو سکتی ہیں۔ حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ یہ دریافت اتوار کو اس وقت ہوئی جب پولیس نے ایک مشتبہ شخص کا تعاقب کیا جو ایک عمارت میں چھپا ہوا تھا جہاں تین اغوا کاروں کو رکھا گیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ اس کے بعد پولیس نے علاقے میں آپریشن کیا اور دیگر مقامات سے مزید باقیات برآمد کیں۔امریکہ میں منشیات کی سمگلنگ کے منافع بخش راستوں پر قابو پانے کے لیے حریف گروہوں کے درمیان لڑائی کی وجہ سے ویراکروز میکسیکو کے سب سے زیادہ پرتشدد علاقوں میں سے ایک ہے۔

میکسیکو میں 2006 میں ایک متنازعہ فوجی انسداد منشیات کارروائی کے آغاز کے بعد سے اب تک 4 لاکھ سے زیادہ قتل ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ میکسیکو میں 1962 سے اب تک ایک لاکھ 10 ہزار سے زیادہ گمشدگیوں کا اندراج کیا گیا ہے۔