کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں شادی کور ڈیم پر کام کرنے والے دو مغوی مزدوروں کی لاشیں ملی ہیں۔ لیویز کے مطابق ضلع کیچ کی تحصیل دشت کے علاقے گوارگ بلنگور میں دو افراد کی لاشوں کی موجودگی کی اطلاع پر لیویز موقع پر پہنچیں اور لاشیں تحویل میں لیکر سول اسپتال تربت پہنچائیں۔ دونوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ لاشوں کی شناخت کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ رحمت کالونی کے رہائشی پینتالیس سالہ حضرت گل ولد گل جان اور کراچی کے رہائشی پچیس سالہ آصف کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں افراد کو اٹھائیس فروری کی رات گوادر کے علاقے پسنی میں زیر تعمیر شادی کور ڈیم پر کام کرتے ہوئے نامعلوم افراد نے اغواء کیا تھا۔ اغواء اور دوہرے قتل کی اس واردات میں کالعدم علیحدگی پسند تنظیم ملوث بتائی جاتی ہے۔ لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ دریں اثناء کوئٹہ، ڈیرہ بگٹی اور مستونگ میں سرچ آپریشنز کے دوران گیارہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ خاران میں گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اسلحہ جبکہ نوشکی میں احمدوال کے قریب سڑک کنارے دیسی ساختہ بم برآمد کرلیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس ، اختر آباد ، کلی رئیسانی اور ملحقہ علاقوں میں پولیس اور ایف سی نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا اور پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جنہیں مزید تفتیش کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق گرفتار افراد سے چار پستول ، ایک رائفل ، میگزین اور کارتوس برآمد ہوئے۔ دوسری جانب ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے گنڈؤ چوکی میں ایف سی نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں تین افراد کو حراست میں لے لیا۔ اسی طرح خاران شہر میں بھی ایف سی اور پولیس نے ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے ایک گولہ ،ایک دستی بم ، ایک عدد لائٹ مشین گن ، کلاشنکوف کے کارتوس اور تخریبی لٹریچر برآمد کرلیا گیا۔ جبکہ نوشکی کے علاقے احمدوال کے قریب نوشکی خاران روڈ پر ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے سڑک کنارے نصب بم برآمد کرلیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق دیسی ساختہ بم دس کلو وزنی تھا جسے دھماکے سے ناکارہ بنادیا گیا۔ دوسری جانب مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں کوئٹہ سے آنے والی پولیس کی ٹیم نے چھاپہ مارا۔ اس دوران تین مشتبہ افراد سفر خان ولد خدا بخش ، ظہر احمد ولد رحیم بخش ، فاروق ولد جمعہ خان اقوام بنگلزئی ساکنان اسپلنجی کو گرفتار کیا گیا۔