ماسکو / کیف: روس کے یوکرین کے شہر چرنیہیف پر میزائل حملے میں 7 افراد ہلاک اور 129 زخمی ہوگئے جب کہ کئی زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے میزائل حملہ اُس وقت کیا جب شہری بڑی تعداد میں گرجا گھر عبادت کے لیے جا رہے تھے۔ میزائل میں ہلاک اور زخمی ہونے والے عام شہری تھے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے بتایا کہ میزائل عین چوراہے پر گرا جب کہ پولی ٹیکنیک یونی ورسٹی اور ایک تھیٹر پر بھی میزائل گرے۔ حملے میں کئی رہائشی عمارتیں بھی تباہ ہوئیں جب کہ سڑکیں اور انفراسٹریکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک چوک پر تباہی کے منظر ہیں اور کئی گاڑیاں تباہ حال ہیں جن میں لاشیں پڑی ہیں۔ تھیٹر کی چھت گرگئی ہے اور ملبے تلے زخمی کراہ رہے ہیں۔
ادھر یوکرینی فضائیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کی جانب سے داغے گئے 17 ایرانی ساختہ ڈرونز میں سے 15 کو مار گرایا ہے۔
دوسری جانب روسی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے بیلگورود کے علاقے میں یوکرین کے ایک ڈرون کو مار گرایا ہے اور ماسکو کے قریب ایک اور ڈرون غیرفعال کردیا تاہم یوکرین کا تیسرا ڈرون فوجی اڈے میں ایک طیارے پر گرا جس سے طیارے کو نقصان پہنچا۔