واٹس ایپ پر میسج کو ایڈٹ کرنے کے فیچر کے اعلان کے بعد اب ’کیپشن میسج ایڈٹ‘ فیچر متعارف کروادیا گیا ہے۔
دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے مئی 2023 میں غلط میسیج کو ایڈٹ کرنے کا آپشن متعارف کروایا تھا لیکن یہ فیچر تصاویر کے ساتھ بھیجے جانے والے پیغامات پر لاگو نہیں ہوتا تھا۔
یعنی جب آپ تصاویر کے ساتھ کوئی غلط کیپشن لکھتے تھے تو اسے ایڈٹ کرنے کا آپشن موجود نہیں ہوتا تھا تاہم اب ایسا کرنا ممکن ہوگیا ہے۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق صارفین اب تصاویر، جی آئی ایف (GIF)، ویڈیوز، دستاویزات بھیجنے کے دوران اپنے لکھے گئے کیپشن کو ایڈٹ کرسکتے ہیں۔
فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ
اس انقلابی فیچر سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین بھیجی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو سلیکٹ کرکے ایڈٹ کے آپشن پر کلک کریں گے جس کے بعد آپ کیپشن کو تبدیل یا ایڈٹ کرسکتے ہیں۔
فیچر کے مطابق صارفین کے پاس 15 منٹ کے اندر بھیجے گئے غلط میسیج یا کیپشن میسج کو ایڈٹ کرنے کا آپشن موجود ہوگا، تاہم اس کے بعد وہ غلط پیغام کو ایڈٹ نہیں کر پائیں گے۔
اس فیچر سے قبل گزشتہ برس واٹس ایپ نے ڈیلیٹ کیے گئے میسیج کو واپس لانے کا فیچر بھی پیش کیا تھا، مذکورہ فیچر کے تحت غلطی سے ڈیلیٹ کیے گئے میسیج کو صارفین 30 سیکنڈ کے اندر اندر انڈو کرکے واپس لا سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ’کیپشن میسیج ایڈٹ‘ فیچر کو او ایس اور ڈیسک ٹاپ صارفین سمیت اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کروادیا گیا ہے۔