فیفا ویمنز ورلڈ کپ کی ٹرافی جیتنے کے بعد ہسپانوی فٹبال ٹیم کی کھلاڑی جینی ہرموسو کا بوسہ لینے پر اسپینش فٹبال فیڈریشن کے صدر نے معافی مانگ لی۔
اسپین کی ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار ورلڈکپ جیتا جس کے بعد ہونے والی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر فیڈریشن کے صدر لوئس روبیالس کو ٹیم کی کھلاڑیوں سے بغل گیر ہوتے اور بوسہ لیتے ہوئے دیکھا گیا۔
فیڈریشن کے صدر سے جب ٹیم کی کھلاڑی جینی ہرموسو ملنے آئیں تو انہوں نے پہلے کھلاڑی کو گلے لگایا اور پھر بوسہ لے لیا جس پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ اس حرکت پر ہسپانوی وزرا نے بھی تنقید کی تھی۔
خود خاتون پلیئر جینی ہرموسو نے بھی فیڈریشن کے صدر کے اس عمل پر ناپسنديدگی کا اظہار کیا تھا۔
تاہم اب صدر نے معافی مانگ لی ہے اور کہا ہے کہ ’مجھے اس بات کا اعتراف کرنا پڑے گا کہ میرا عمل بالکل غلط تھا، البتہ میری نیب بری نہیں تھی ، اس میں کافی پرجوش تھا، اس وقت ہمیں یہ نارمل لگا لیکن بعد میں مسئلہ پیدا ہوگیا، مجھے معافی مانگنی چاہیے اور اس واقعے سے سیکھنا چاہیے، مجھے یہ سمجھنا ہوگا کہ جب آپ صدر کے منصب پر ہوں تو آپ کو زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔ ‘