|

وقتِ اشاعت :   August 22 – 2023

پاکستان رینجرز نے بھارت کی طرف سے اسمگلنگ کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان رینجرز نے بھارت کی طرف سے اسمگلنگ کی بڑی کارروائی ناکام بناتے ہوئے 6 بھارتی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جولائی سے 3 اگست تک دراندازی کرنے والے 6 بھارتی اسمگلرز کو گرفتار کیا گیا، گرفتار بھارتی شہری منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔

 

ترجمان کے مطابق گرفتارشدگان میں فیروزپور کے رہائشی گرمیج سنگھ، شندر سنگھ، جگندر سنگھ اور وشال سنگھ، جالندھر کا رہائشی مہندر سنگھ اور لدھیانہ سے تعلق رکھنے والا گروندر سنگھ شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق گرفتار اسمگلروں کے خلاف پاکستان میں پاکستانی قوانین کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بی ایس ایف کے زیرنگرانی بارڈر سے بھارتی اسمگلروں کی بلاروک ٹوک نقل و حرکت حیران کن ہے۔ بھارتی بی ایس ایف کا اسمگلروں کے ساتھ ممکنہ گٹھ جوڑ بھی بعید از قیاس نہیں۔ توقع ہے بی ایس ایف بارڈر پر نگرانی کا نظام مؤثر اور اسمگلروں سے گٹھ جوڑ ختم کرے گی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انتخابات قریب آتے ہی مودی سرکارکے اوچھے ہتھکنڈوں میں اضافہ ہوجاتا ہے، مودی سرکارکی طرف سے 2024 کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔ جعلی سرجیکل اسٹرائیک، پلوامہ ڈرامہ، اڑی حملہ مودی کے انتخابی اسٹنٹ تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج کی 3سال سے جاری سیزفائرمعاہدےکی خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹرمیں بلااشتعال فائرنگ سے60سالہ غیاث کو شہید کیا تھا۔