کوئٹہ: کوئٹہ اور گوادر میں سرچ آپریشنز کے دوران دو خطرناک ڈاکوؤں سمیت بارہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ آوارن سے بڑی تعداد میں اسلحہ پکڑا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق کوئٹہ کے وسطی علاقوں پٹیل روڈ، شاوکشاہ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں ایف سی اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا جس کے دوران چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ادھرگوادر کے علاقے پسنی میں وارڈ نمبر چار اور ملحقہ علاقوں میں پسنی اور تربت پولیس نے مشترکہ کارروائی کی اور تربت پولیس کو مطلوب دوڈاکوؤں شاہ ولی اور فلک ناز عرف کانو سمیت سات مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ تربت ہی میں پولیس نے ایک اور کارروائی میں ایک اشتہاری ملزم رفیق کو گرفتار کرلیا ۔ ملزم کراچی کے پولیس تھانہ جمشید لائنز کو اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ ملزم نے تربت کے سابق اسسٹنٹ کمشنر کے بیٹے شے حق بلوچ کو زخمی کیا تھا۔ ادھر آواران کی تحصیل مشکے میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے ایک ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ برآمد کئے گئے اسلحہ میں چار رائفلیں اور آٹھ مختلف اقسام کی پستول برآمد کرلی۔