|

وقتِ اشاعت :   November 1 – 2023

دکی : پشتونوں کی سرزمین اور قیمتی وسائل پر لوگوں کی نظر ہے یہ وسائل پشتونوں سے لینے کیلئے طاقتور قوتیں پشتونوں کیلئے مختلف بہانے تراش رہے ہیں۔ پشتون نہ دہشتگرد ہے اور نہ ہی فرقہ پرست البتہ اپنی سرزمین کے تحفظ اور ننگ وناموس کی دفاع کیلئے خود بھی مرے ہیں ،طالع آزماوں کو بھی مارا ہے پشتونوں نے سستی یا غفلت کی تو انجام ٹھیک نہیں ہوگا۔

یہ ملک دنیا جہان کا قرضدار ہے عوام کیلئے روزگار کے مواقع نہیں ہیں لوگ دو وقت کی روٹی کمانے کیلئے محنت مزدوری کیلئے مجبور ہیں لیکن حالات ایسے ہیں کہ لوگوں کو مزدوری بھی نہیں ملتی جب گھر میں بچے روٹی کیلئے رو رہے ہوں اور والد کے پاس پیسے نہ ہوں تو وہ بالاخر کیا کرے گا۔ پاکستان ڈوبنے کی طرف جارہا ہے اور ہم اسے ڈوبنے نہیں دیناچاہتے کیونکہ اس میں ہمارے گھر ہیں۔

ملک کو چلانے والی قوتوں نے اپنی غلط پالیسیوں اور غلطیوں کی وجہ سے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا۔ آج بھی ملک کے چلانے اور بچانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ تمام سیاسی قوتوں ،جرنیلوں ،ججوں، وکلاء ،صحافیوں، سول سوسائٹی اور تمام طبقہ فکر کے لوگوں کا ایک جرگہ بلایا جائے اور سب مل بیٹھ کر سر جوڑ کر مستقبل کی پالیسیاں باہمی مشاورت سے طے کریں اور پھر اسکے بعد ایسے انتخابات کریں کہ جس میں کسی بھی جانب سے ماضی کی طرح کوئی مداخلت نہ ہو۔ عوام کو آزاد چھوڑا جائے وہ چاہیں جسے ووٹ دیں یہ انکا کام ہے اور اگر خدانخواستہ ایک بار پھر صاف شفاف آزادانہ اور منصفانہ انتخابات نہیں کرائے گئے تو یہ ملک کی مزید بربادی کا سبب بنیں گے کیونکہ ماضی میں دو مرتبہ ایک بار جب مشرقی پاکستان کے شیخ مجیب نے انتخابات جیتے تو نتائج کو نہیں مانا گیا جس کے نتیجے میں ملک دولخت ہوا۔ دوسری مرتبہ بھٹو الیکشن جیتے جنرل ضیاء نے مارشل لاء لگائی بھٹو کو پھانسی ہوئی اور ملک بربادیوں کی جانب بڑھنے لگا۔

ان خیالات کا اظہار پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محترم محمودخان اچکزئی نے جنوبی پشتونخوا کے تاریخی دورے کے دوران ضلع دکی کے مختلف عوامی اجتماعات سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ پشتونخوا میپ کے زیر اہتمام دکی کے کلی نانا صاحب زیارت میں سفر محمد کی رہائش گاہ پر، کلی زرغون آباد لونی میں اختر لونی کی رہائش گاہ پر،کلی ہوسڑی، کلی مرجانزئی اور کلی حاجی کاریز لونی میں عوامی جرگے منعقد کئے۔ جرگوں میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدلرحیم زیارتوال، مرکزی سیکرٹری صلاح الدین، مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال، صوبائی سیکرٹری اطلاعات نصیر ننگیال ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سردار حبیب الرحمن دمڑ، سینیٹر سردار شفیق ترین،رزاق خان ترین ، دوست محمد لونی، ضلع کوئٹہ کے ضلعی معاون اختر لونی، باز محمد اکا،ڈاکٹر حسن خان، صوفی خدائیداد، اصغر خان، زلاند خان، مولوی نیک محمد اور دیگر زعماء سمیت ضلع دکی کے پارٹی رہنمائوں وکارکنوں نے شرکت کی۔ محمودخان اچکزئی نے کہا کہ دکی پشتونخوا وطن کے ایک ایسے جغرافیہ پر واقع ہے جسکی بڑی اہمیت ہے اور یہاں پر قدرتی وسائل پائے جاتے ہیں پانی کی کمی نہیں یہ زمین ہزاروں سالوں سے ہمارے آبائو و اجداد کی ہے جس پر ہمارے آبائو واجداد نے قربانیاں دیں ہیں اور آج غیر لوگ آکر ایک کاغذ کا ٹکڑا ہاتھ میں تھماکر کہتے ہیں کہ یہ زمین یہ پہاڑ میں نے الاٹ کی ہے۔

محمودخان اچکزئی نے تمام پشتونوں کو متنبہ کیا کہ ایسا کوئی بھی شخص آئے تو ان سے کہیں کہ یہ پہاڑ یہ سرزمین میرے لئے اللہ تعالی نے الاٹ کی ہے کسی بھی غیر قانونی الاٹمنٹ کو نہیں ماننا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون اپنے گھر میں اپنوں کے ساتھ اتنے سخت ہیں کہ معمولی سی باتوں پر ہم ایک دوسرے کے ساتھ جھگڑتے ہیں لیکن یہاں کروڑوں اربوں مالیت کی زمینوں معدنیات پانیوں اور بجلیوں سے ہمیں محروم کیا جارہا ہے لیکن کسی کو اس بات پر غصہ نہیں آتا آپس کی معمولی باتوں پر ہم مختلف واقعات میں ایک دوسرے کے ساتھ پشتونخوا وطن میں سالانہ دو ہزار سے زائد نوجوان مارتے ہیں۔ دو ہزار نوجوان دنیا کی کسی بھی آزادی کی تحریک میں نہیں مرے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں ہم پشتون آپس کے جھگڑوں بدیوں دشمنیوں کو ختم کرکے زندگی گزاریں اور زندگی گزارنے کا بہترین طریقہ یہ ہے

کہ جو چیز اپنے لئے پسند کرو وہی اپنے دوسرے بھائی کیلئے بھی پسند کرو جس بات کو آپ برداشت نہیں کرسکتے وہ بات دوسروں کو نہ کہیں۔ اس موقع پر سابق تحصیل نائب ناظم دکی حمیدخان لونی کی سربراہی میں طارق خان لونی ہارون خان لونی۔رومان خان لونی۔ زرار خان لونی۔آدم خان کھتران۔ عبدل خان مری رحیم کھیتران اور دیگر درجنوں ساتھیوں نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا پارٹی چیئرمین محترم محمودخان اچکزئی نے انہیں پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پشتون اپنی تجارت میں ایمانداری سے کریں دنیا الیکٹرانک سامانوں اور ٹیکنالوجی کے سازوسامان سے بھری پڑی ہے اگر ہم نے ایمانداری کی تو دنیا کے تاجر پشتونوں پر بھروسہ کرینگے اور پشتون تاجر ہی وطن کے غریبوں کا سہارا بنے گے ۔ قران کریم میں اللہ تعالی فرماتا ہے کہ ایماندار تاجر کو حاجیوں اور غازیوں کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ محمودخان اچکزئی نے تجارت میں ایمانداری سے متعلق امام اعظم کے ایمانداری کی مثالیں پیش کیں اور تاکید دی کہ اگر تاجر اپنی زکاۃ ادا کریں تو غریبوں کو بھوکا نہیں سونا پڑے گا۔ انہوں نے خواتین کے حقوق پر مختلف جرگوں میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پشتون اور بلوچ قوم کی خواتین جس حالت میں زندگی گزار رہی ہیں اسے بیان نہیں کیا جاسکتا سوائے چند خاندانوں کے باقی تمام پشتون اور بلوچ خواتین کو ہم نے دو عیدوںپر دو جوڑے کپڑے نہیں دئے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے بارے میں جو حکم ہمارے مذہب کا ہے کہ انہیں اپنی جائیداد میں اپنے اونٹوں میں اپنے مال مویشیوں میں اپنی زمینوں میں کھیتی باڑی میں زراعت میں انہیں اپنا حصہ دیں عورت کو سیال بنائیںاور انہیں انسان سمجھیں۔ تمام عوامی جرگوں میں مشرمحمودخان اچکزئی اور پارٹی رہنماوں کو پشتون ثقافتی پگڑیاں پہنائی گئیں۔ یاد رہے کہ محمودخان اچکزئی گزشتہ چوبیس اکتوبر سے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں جنوبی پشتونخوا کے مختلف اضلاع کے دورے پر ہیں۔محمودخان اچکزئی کے سیاسی دورے کے دوران سابق نگران صوبائی وزیر سردار حیدر خان ناصر نے پاکستان تحریک انصاف سے مستعفی ہوکر پشتونخوا میپ میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ سردار آصف ترین اپنے ساتھیوں سمیت پشتونخوا میپ میں شامل ہوئے۔