|

وقتِ اشاعت :   November 2 – 2023

کوئٹہ :واپڈا نے نولانگ ڈیم پراجیکٹ کی مشاورتی خدمات (Consultancy Services)کیلئے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا۔ یہ کنٹریکٹ ترک کمپنی ڈولسر اور موٹ میکڈونلڈ پاکستان پر مشتمل جوائنٹ ونچر کو ایوارڈ کیا گیا ہے۔ کنٹریکٹ کی مالیت 70کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔

کنٹریکٹ کے تحت نولانگ ڈیم پراجیکٹ کے تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن پر نظر ثانی کی جائے گی، اسے اپ ڈیٹ کیا جائے گا اور پروکیورمنٹ ڈاکو منٹس تیار کئے جائیں گے۔منصوبے کے سیف گارڈ ڈاکو منٹس کو اپ ڈیٹ کرنا بھی اِس کنٹریکٹ کا حصہ ہے۔

کنٹریکٹ کا دورانیہ 28 ماہ ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بنک نولانگ ڈیم پراجیکٹ کی مشاورتی خدمات کے کنٹریکٹ کیلئے مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔نولانگ ڈیم پراجیکٹ کی مشاورتی خدمات کے لئے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب واپڈا ہاس میں منعقد ہوئی۔

واپڈا کی جانب سے جنرل منیجر(پراجیکٹس) ساتھ محمد مسعود احمد سومرو جبکہ جوائنٹ ونچر کی جانب سے ڈولسر کمپنی کے انٹرنیشنل پراجیکٹس کوآرڈی نیٹر جم ایکر نے معاہدے پر دستخط کئے۔ ممبر واٹر واپڈا جاوید اختر لطیف اور پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد یوسف مگسی کے علاوہ واپڈا کے سینئر آفیسرز اور جوائنٹ ونچر میں شامل کمپنیوں کے نمائندے تقریب میں شریک ہوئے۔

نولانگ ڈیم صوبہ بلوچستان میں جھل مگسی سے 24 کلو میٹر جبکہ گنداوا سے 30 میٹر دور دریائے مولاپر تعمیر کیا جائے گا۔ ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 2لاکھ 42ہزار 163 ایکڑ فٹ ہوگی،جس سے تقریبا 47 ہزار ایکڑ زمین زیر کاشت آئے گی۔نولانگ ڈیم پراجیکٹ کے تحت 4 اعشاریہ 4میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا ایک سمال ہائیڈل پاور سٹیشن بھی تعمیر کیا جائے گا۔

نولانگ ڈیم پراجیکٹ بلوچستان کے پسماندہ اور دور دراز علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پراجیکٹ کے بنیادی مقاصد میں آبپاش زراعت کی ترقی، سیلاب سے بچا، علاقے کے لوگوں کو پینے کے پانی اور سستی پن بجلی کی فراہمی، روز گار کے مواقع اور غربت میں کمی شامل ہیں۔