|

وقتِ اشاعت :   March 16 – 2016

کیٹو : جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کے جنگل میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 22 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ فوجی حکام کے مطابق طیارہ تربیتی پرواز پر تھا۔ امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق طیارہ اُس وقت حادثے کا شکار ہوا جب وہ مشرقی صوبے پستازہ کے جنگل ایمازون کے اوپر پرواز کر رہا تھا۔ ایکواڈور کے صدر رافیل کورئیا نے ٹوئٹر پر 22 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
 56e8ff9e9f1ec
— نقشہ بشکریہ گارجین ایکواڈور کے صدر رافیل کورئیا نے ٹوئٹر پر 22 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
رافیل کورئیا نے ٹویٹ میں کہا کہ یہ ایک سانحہ ہے جس میں کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا۔ فوجی طیارے کی تباہی کی وجہ فوری طور پر سامنے نہ آسکی۔ چینی خبر رساں ادارے ژینوا نیٹ نےرپورٹ کیا کہ پائلٹ نے فوجی ہوائی اڈے پر ریڈیو کے ذریعے رابطہ کیا تھا کہ موسم نہایت خراب ہے لہٰذا واپسی کی اجازت دی جائے لیکن اس کے فوری بعد ہی طیارے کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ ایکواڈور کی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ طیارے میں 2 پائلٹس، ایک مکینک اور 19 پیرا ٹروپرز سوار تھے۔ ایکواڈرو میں سوشل میڈیا پر تباہ شدہ جہاز کے ملبے کی تصاویر گردش کر رہی ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فوج کا تباہ ہونے والا جہاز اسرائیلی ساختہ Arawa تھا جو مقامی وقت کے مطابق دن کے 2 بج کر 20 منٹ پر تباہ ہوا۔
امدادی اداروں نے ریسکیو آپریشن کے دوران بیشتر اہلکاروں کی لاشیں فوری طور پر نکال لی تھیں، تاہم یہ آپریشن کئی گھنٹے تک جاری رہا۔