|

وقتِ اشاعت :   March 19 – 2016

کوئٹہ:  خضدار ،کوئٹہ اور بولان میں ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور بیس سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق خضدار کے علاقے وڈھ میں کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر نے موٹر سائیکل کوٹکر مار دی جس سے موٹر سائیکل پر سوار عبدالحمید ولد عبدالغفار علیزئی سکنہ اڑینجی وڈھ جاں بحق ہوگیا۔ دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر آریانہ ہوٹل کے قریب کوئٹہ سے پشین جانے والی مسافر بس بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی۔ بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک کنارے موجود اینٹوں کے ڈھیر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں پندرہ افراد زخمی ہوگئے جنہیں نجی گاڑیوں اور ایمبولنسوں کے ذریعے بولان میڈیکل اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں ثناء اللہ ولد دوست محمد، کامران ولد سید محمد نصیب اللہ ولد محمد قاسم،شیرزمان ولد غلام علی، بور بی بی ولد عبداللہ، روح اللہ ولد زمان، نعمت اللہ ولد عبدالحلیم، نقیب اللہ ولد نظر محمد، ہدایت اللہ ولد عبدالباری، محمد زئی ولد عبداللہ، قدرت اللہ ولد خان محمد ، جلات خان ولد عبداللہ، جان محمد ولد باز محمد، روزی خان ولد حاجی غلام اور عبدالواحد ولد نعمان خان شامل ہیں۔ زخمیوں کا تعلق پشین اور کوئٹہ سے بتایا جاتا ہے اور ان میں کئی کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ اسی طرح بولان کے علاقے آب گرم کے قریب کوئٹہ سے سبی جانے والی کار تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔ حادثے میں چھ افراد زخمی ہوگئے جن میں تنویر احمد ولد منظور احمد سمالانی، محمد رحیم ولد محمد امین سمالانی، وحید احمد ولد منظور احمدسمالانی،شیر احمد ولد حبیب اللہ مشوانی، رضا محمدولد خادم حسین مستوئی اور نظر علی ولد نور علی ترین شامل ہیں ۔ زخمیوں کو سول اسپتال مچھ میں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔