کوئٹہ: کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں ڈرگ انسپکٹرز نے کارروائیاں کرتے ہوئے لاکھوں روپے کی جعلی اور بھارتی ادویات برآمد کرلی۔ ایک ملزم کو بھی گرفتارکرلیا گیا۔ ایڈیشنل سیکریٹری صحت وچیئرمین ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ عبداللہ خان ، چیف ڈرگ انسپکٹر سلطان احمد کی ہدایت پر پشتون آباد اور مٹھا مل اسٹریٹ میں کارروائیاں کی گئی۔ پہلی کارروائی ڈرگ انسپکٹر سرور خان نے پولیس کی مدد سے پشتون آباد میں کی جہاں پبلک کال آفس (پی سی او )پرچھاپہ ماراگیا ۔ چیف ڈرگ انسپکٹر سلطان احمد کے مطابق کارروائی کے دوران پی سی او سے چار لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ملٹی نیشنل اور لوکل کمپنیوں کی جعلی اور بھارتی ادویات برآمد کرلی ہے۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم ولی جان کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ دوسری کارروائی مٹھا مل اسٹریٹ میں ڈرگ انسپکٹر امداد اللہ نے کی جہاں ایک ادویات کے ہول سیل سینٹر پر چھاپہ مارا گیا اور ساٹھ سے ستر ہزار مالیت کی ادویات برآمد کرلی ۔ ان ادویات کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ کسی سرکاری یا فلاحی ادارے کی ہے جس کے اسٹیمپ کو مٹا کر اسے غیر قانونی طریقے سے فروخت کیا جارہا تھا تاہم چیف انسپکٹر سلطا ن احمد نے بتایا کہ اس بارے میں تفتیش کی جارہی ہے اور یہ الزام ثابت ہوا تو ہول سیل سینٹر کے مالک کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔