تربت: پاکستان پیپلزپارٹی مکران کے ڈویڑنل ترجمان نے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا مکران کی سطح پر اب تک کسی سیاسی جماعت سے انتخابی اتحاد نہیں ہوا ہے اور نا ہی کسی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی اور نا ہی اس پر کوئی بات چیت ہوئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک ملک گیر قومی جماعت ہے اس کے تمام فیصلے پارٹی کی آئین و منشور کے دائرے میں کیے جاتے ہیں کسی فرد کی ذاتی خواہش پر پارٹی فیصلہ نہیں کرتی سوشل میڈیا پر میر اصغر رند کی طرف سے بی این پی مینگل کے رہنما سید احسان شاہ سے ملاقات اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا جو شوشا چھوڑا گیا ہے
یہ تاثر درست نہیں ہے کیوں کہ پیپلز پارٹی نے تاحال ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے اور نا کسی ایک فرد کو یہ اختیار پارٹی دے سکتی ہے کہ وہ انتخابی اتحاد کے متعلق تنہا. فیصلہ کرے۔ ترجمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی مکران ڈویڑن میں صوبائی کی ساتوں اور قومی اسمبلی کی دونوں سیٹوں پر الیکشن لڑے گی اگر کسی سیاسی جماعت سے انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت محسوس کی گئی تو پارٹی ہی کا اس کا فیصلہ کرے گی کیوں ڈویڑن کی سطح پر پیپلزپارٹی اس وقت فعال و مضبوط ہے
اور ڈویڑنل صدر پارٹی کے تمام معاملات پر گرفت رکھے ہوئے ہیں وہ صوبائی اور مرکزی سطح پر مشاورت کے بعد فیصلہ کرنے کے مجاز ہیں اس لیے میر اصغررند یا کوئی اور فرد زاتی نشست و ملاقات میں پارٹی کا نام استعمال نہ کریں اگر سید احسان شاہ یا بی این پی مینگل کو پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد یا ایڈجسٹمنٹ کا شوق ہے تو انفرادی رابطہ کے بجائے پیپلزپارٹی سے تنظیمی طور پر رابطہ کرے۔