|

وقتِ اشاعت :   March 22 – 2016

کوئٹہ: بلوچ نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے 23مارچ اور 27مارچ کو یومِ سیاہ اور بلوچستان بھر میں شٹرڈاؤن و پہیہ جام ہڑتال کی کال دیتے ہوئے کہا کہ بلوچ عوام میں پائے جانے والی نفرت کو رائے عامہ کی نظروں سے چھپانے کے لئے 23مارچ سے بلوچستان میں مختلف ناموں سے پروگرامز کے انعقاد کا اعلان کر چکا ہے۔ جو کہ ریاست کے خلاف بلوچ عوام میں پائی جانے والی نفرت کو رائے عامہ سے چھپانے کی ناکام کوششوں کا حصہ ہے۔ بی این ایف کے ترجمان نے کہا کہ 27مارچ بلوچ قومی تاریخ میں ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، کیوں کہ اسی روز پاکستان نے تمام عالمی قوانین و ریاستوں کے مابین احترام کے رشتوں کو پاؤں تلے روند لیا۔ اسی روز سے بلوچ عوام اپنے آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں،پہلے دن سے لے کر اب تک بلوچ عوام نے آزادی کے لئے بیش بہا قربانیاں دے کر پاکستان و بلوچ کے مابین غیرفطری رشتوں کو واضح کیا ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم نے تاریخ میں ہمیشہ ظالم حکمرانوں کے خلاف جدوجہد کی ہے، اپنی شناخت و جغرافیے کی تحفظ کے لئے قبضہ گیریت کے خلاف چلنے والی طویل تحریک پاکستان کے لئے واضح پیغام ہے کہ بلوچستان میں ان کا مقابلہ ایک زندہ قوم سے ہے جو کہ اپنے زمین کی تحفظ و آزادی کے لئے کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرتی ہے۔