کوئٹہ: لوچستان میں حساس اداروں نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے حاضر سروس افسرکو گرفتار کرلیا۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے مطابق گرفتار را افسر بلوچستان اور کراچی میں دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث اور شدت پسند گرہوں سے رابطے میں تھا۔تفتیش کے دوران اہم انکشافات کی توقع ہے۔وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنٹ کل بھوشن یادیو کو جنوبی بلوچستان (مکران)سے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا ۔کل یادیو بھوشن کے متعلق ابتدائی اطلاعات میں معلوم ہوا ہے کہ وہ بھارتی نیوی میں کمانڈر رینک کا افسر ہے اور بلوچستان میں را کے لئے کام کر رہا تھا۔کل یادیو بھوشن کے بلوچستان میں علیحدگی پسند اور فرقہ وارانہ فسادات میں ملوث مذہبی تنظیموں کے ساتھ رابطے میں تھا اور تخریبی کے لئے ان تنظیموں کے مالی اور حربی معاونت کیا کرتا تھا۔بلوچستان کے ساتھ ساتھ کل بھوشن یادیوکراچی میں بھی مختلف تخریب کاری کے واقعات میں ملوث بتایا جاتا ہے۔گرفتار بھارتی ایجنٹ کو مزید تفتیش کے لئے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی کے افسر کی گرفتاری سے بلوچستان حکومت کا مؤقف درست ثابت ہوگیا ہے کہ را بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔انہوں نے بھارتی ایجنٹ کی گرفتاری پر سیکورٹی فورسز کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت کو سیکورٹی فورسز پر فخر ہے۔دوسری جانب سیکورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار بھارتی ایجنٹ کے بلوچستان اور افغانستان میں موجود کالعدم علیحدگی پسند اور شدت پسند تنظیموں کے کارندوں کے ساتھ رابطے تھے اور وہ ان سے ملاقاتیں بھی کرچکا تھا۔ بھارتی خفیہ ایجنٹ کالعدم تنظیموں کو بلوچستان میں دہشتگردی کیلئے مالی معاونت فراہم کررہے تھے۔ بھارتی ایجنٹ سے ابتدائی تفتیش کے بعد سیکورٹی اداروں نے بلوچستان کے مختلف بینکوں اور حوالہ کا کاروبارکرنے والوں سے ڈیٹا بھی حاصل کرنا شروع کردیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے حاضر سروس ایجنٹ کی گرفتاری کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کامیاب کاروائی پر سیکورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را بلوچستان کے حالات کی خرابی میں ملوث ہے، جس کے یہاں کے دہشت گردوں کے ساتھ رابطے ہیں اور بھارتی خفیہ ایجنسی ان کے ذریعے پاکستان اور بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ را کے ایجنٹ کی گرفتاری سویلین حکومت اور سیکورٹی فورسز کی ایک بڑی کامیابی ہے، ہم نے تہہ کر رکھا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور ان میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا تاکہ امن و امان کی صورتحال کو 2002کی سطح پر لایا جا سکے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ را کے ایجنٹ کی گرفتاری اور اس سے حاصل شدہ معلومات کو جلد میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائیگا۔