کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ کوئٹہ اور ژوب میں دیواریں گرنے اور مختلف حادثات میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ ہرنائی میں ژالہ باری نے کھڑی فصلیں تباہ کردیں۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ شب شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ جمعرات کی صبح بھی وقفے وقفے سے جاری رہا۔ تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیااور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔بارش کے ساتھ ساتھ تیز اور سرد ہواؤں کی وجہ سے موسم سرد ہوگیا۔ بارش کے باعث کوئٹہ کے علاقے سریاب میں دیوار گرنے سے نو سالہ بچہ محمد شفیع جاں بحق ہوگیا۔ جبکہ اسمبلی کالونی میں کرنٹ لگنے سے ایک مزدور اصغر علی جاں بحق ہوگیا۔ ژوب، شیرانی اور ملحقہ علاقوں میں بارشیں ہوئی۔ ژوب کے عید گاہ محلہ میں حافظ نعمت اللہ بابر کے گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں نعمت اللہ کا دو سالہ بیٹا کلیم اللہ جاں بحق جبکہ دو خواتین اور ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ خاندان کو خیمے اور خوراکی سامان فراہم کیا جائے گا۔ کوئٹہ کے علاوہ نوشکی، مستونگ، پنجگور، قلعہ سیف اللہ ،قلعہ عبداللہ، زیارت اور ہرنائی میں بھی بارش ہوئی۔ ہرنائی میں بارش کے ساتھ ساتھ شدید ڑالہ باری بھی ہوئی جس سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ اولے پڑنے سے کئی پرندے بھی ہلاک ہوگئے۔ شدید بارش اور ژالہ باری کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہوگئی۔ کوئٹہ ہرنائی شاہراہ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ بولان ، مچھ اور ملحقہ علاقوں میں بھی گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس سے ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہوگئی۔زیارت سے نامہ نگار کے مطابق وادی زیارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج و چمک کے ساتھ ابر رحمت خوب برساجس سے شہریوں اور سیاحوں کی چہرے خوشیوں سے کھل اٹھے۔پھولوں، خوشبودار جڑی بوٹیوں اور پودوں کی صحت بخش خوشبوؤں نے وادی کا ماحول ہی تبدیل کر دیا۔ابر رحمت کے خوب برسنے کے بعد وادی میں ہر طرف خوشبووں اور کھلی فضائکا سماں ہے وادی کے موسم کی تبدیل ہونے کے ساتھ ہی قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیاحوں نے بھی وادی میں ڈھیرے جمانا شروع کر دئے ۔اسی طرح وادی کی دلفریب ،دلکش اور خوشبودار فضاء سے معزوز ہونے کے لئے سیاح وادی آنا شروع ہو گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب میں سات اور کوئٹہ میں چھ ملی میٹر بارش ہوئی ۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بارش اور سرد ہواؤں کا سلسلہ آئندہ دو دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔