کوئٹہ: بلوچستان سے گرفتار بھارتی خفیہ ادارے ریسرچ اینڈ اینالائسز ونگ(RAW) کے حاضر سروس آفیسر کل بھوشن یادیو پاکستان میں حسین مبارک پٹیل کے فرضی نام سے کام کررہا تھا۔ گرفتار را آفیسر بھارتی شہر ممبئی کے علاقے سلور اوک پوائی ہیرانندانی گارڈنز کا رہائشی اور 25سالوں سے بھارتی سیکورٹی اور انٹیلی جنس اداروں میں کام کررہا تھا ۔ اس بات کا دعویٰ ایک پاکستانی نجی ٹی وی چینل نے کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے سینئر اینکر پرسن کامران خان کے مطابق کل بھوشن یادیو نے تفتیش میں کئی اہم باتیں اگل دی ہیں ۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ گرفتار را ایجنٹ 1991سے بھارتی نیوی میں ملازم تھا۔ پہلے نیول انٹیلی جنس میں تھا ۔ بعد میں بھارتی خفیہ ادارے ’’را‘‘ میں کام شروع کیا۔اس وقت وہ بھارتی نیوی میں کمانڈر رینک کے آفیسر پر تھے۔ تحقیقات میں یہ بھی معلوم ہوا کہ گرفتار بھارتی جاسوس علیحدگی پسندوں اور کالعدم تنظیموں کو فنڈنگ کرتا تھا اور وہ کراچی اور بلوچستان میں کالعدم تنظیموں سے رابطے میں تھا۔ آجکل وہ بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے انچارج کی حیثیت سے کام کررہا تھا اور وہ پاک چین اقتصادی راہداری کو ناکام بنانا چاہتا تھا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ کل بھوشن یادیو کو حسین مبارک پٹیل کا فرضی نام دیا گیا تھا اور وہ ممبئی میں سلور اوک پوائی ہیرانندانی گارڈنز میںٍمکان نمبر 502رہتا تھا۔ سیکورٹی امور کے سینئر تجزیہ کار وجاہت ایس خان نے کہا کہ بھارتی ایجنسی کے افسر کو بلوچستان سے آئی ایس آئی کے کاؤنٹر انٹیلی جنس ونگ نے گرفتار کیا۔ ایسا بہت کم ہوا ہے کہ کسی غیر ملکی ایجنسی کے انڈر کور سروس آفیسر پکڑا گیا ہو ۔یادیو فیلڈ آپریٹر کی حیثیت سے کام کررہا تھا اور وہ بیس سے بائیس سال سیکورٹی اور انٹیلی جنس کا تجربہ رکھتا تھا ۔ یہ انتہائی اہم گرفتاری ہے ۔ انداز یہی ہے کہ وہ کافی سالوں سے بلوچستان میں رہ کر کام کررہا تھا اور کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کرتا تھا۔ انہیں ہدف دیتا تھا اور شاید ٹریننگ بھی کراتا تھا۔ فیلڈ آپریٹر خود پیچھے رہتا ہے لیکن کوچ کی طرح کھلاڑیوں سے کام لیتا ہے ۔ یہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف دہشتگردی کی مہم میں ملوث تھا۔لیکن سپیشل سیکورٹی ڈویژن جس نے شمال اورجنوب میں گوادر میں کام شروع کردیا ہے۔اسی طرح صوبائی حکومت اور سیکورٹی اداروں نے مشترکہ کوششوں سے کافی سالوں سے موجود خلاء کو پر کردیا ہے اور صوبے میں گورننس ،پولیسنگ اور انٹیلی جنس کو بہتر بنادیا ہے۔