|

وقتِ اشاعت :   February 7 – 2024

عام انتخابات کے موقع پر ملک بھر میں 16 ہزار 766 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 29 ہزار 985 کو  حساس قرار  دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق  پولنگ اسٹیشن پر امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیے گئے ہیں جب کہ حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں کے باہر پاک فوج تعینات ہوگی۔

عام انتخابات کے نتائج کی ترسیل و تدوین کیلئے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) استعمال کیا جائے گا۔ 

 

دوسری جانب حکام  کا کہنا ہے کہ الیکشن کے دن کہیں بھی انٹرنیٹ بند کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ 8 فروری کے روز ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ عملے کو انتخابی سامان کی ترسیل شروع کردی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں عوام کے ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جب کہ پولنگ کیلئے 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ ذمہ داریاں انجام دے گا۔