|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2024

اورماڑہ :اورماڑہ میں پانی کے بحران اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف بی این پی اورماڑہ اور این پی اورماڑہ کے کارکنان سراپائے احتجاج بن گئے، غیر معینہ مدت کیلئے مین بازار اورماڑہ میں دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔

تفصیلات کے مطابق اورماڑہ میں گزشتہ کئی ماہ سے پانی کی عدم فراہمی کے مسئلے اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی اورماڑہ اور نیشنل پارٹی اورماڑہ کے کارکنان سراپائے احتجاج بن گئے ہیں۔

دونوں پارٹیوں کے کارکنان بڑی تعداد میں مین بازار اورماڑہ میں غیر معینہ مدت کیلئے دھرنا دے کر بیٹھ گئے ہیں۔ دونوں پارٹیوں کے کارکنان کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اورماڑہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ رات کے بجائے دن کے اوقات میں تبدیل کر دیا جائے۔ علاہ ازین مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ اورماڑہ میں کئی ماہ سے تاخیر کا شکار پانی کی فراہمی کو فوری بحال کیا جائے۔ دونوں پارٹیوں کے کارکنان کا کہنا ہے کہ اورماڑہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی سے شہریوں کو شدید دشواری اور مختلف مصائب کا سامنا ہے۔