|

وقتِ اشاعت :   February 23 – 2024

کوئٹہ: نگراں صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف، دوسرے انویسٹرز اور دوست ممالک کو پاکستان کی معاشی امداد نہ کرنے کا خط بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے یہ بہت افسوس ناک امر ہے کہ وہ پاکستان کے معاشی مستقبل سے کھلواڑ کرنے کے لیے بھی تیار ہو گئے ہیں

، انہیں پاکستان میں صرف انتشار، عدم استحکام اور افراتفری چاہیے ماضی میں بھی یہی ان کی ایک تسلسل پالیسی رہی ہے۔ تحریک انصاف کا خط لکھنے کا اعلان غیر ذمہ دارانہ، بے تکا ہے، پی ٹی آئی پہلے بھی ایسی غلطی کرچکی ہے، 2018 میں دھاندلی کے الزامات پر تو کسی جماعت نے ایسا نہیں کیا تھا۔ یہ افسوسناک ہے کہ جس ملک نے انہیں وزیراعظم بنایا ان کی تین صوبوں میں حکومتیں آئیں اور ایک صوبے میں مسلسل 15 سالوں سے ان کی حکومت ہے

جہاں تین دفعہ وہ حکومت کر چکے ہیں پھر بھی وہ اس ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان کی عوام کے ساتھ اور ان کے مفادات کے ساتھ یہ کھلواڑ کرنا اور ملک کو معاشی ابتری سے دوچار کرنا ہے نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ اب ریاست کو بھی سوچنا چاہیے

کہ بانی پی ٹی آئی اس طرح پاکستان کے مفادات کے ساتھ کھلواڑ کرتا رہے یا اس ملک کے محب وطن حلقوں کی بات مان کے اُنہیں غدار وطن کے ڈکلیئر کیا جائے۔ اسی طرح اس بات پہ بھی سوچنا چاہیے کہ کیوں نہ پی ٹی آئی کو ریاست کے خلاف کام کرنے اور ملک کے مفادات اور انٹرسٹ پامال کرنے کی بنا پر مستقل پابندی لگائی جائے اور کالعدم قرار دیا جائے۔