کو ئٹہ:جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما و سابق سینیٹر مولانا حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات نے تو جمہوریت ، سیاست اورسیاستدانوں کا جنازہ نکال دیا ہے
، ملک میں انتخابات کی بجائے سرمایہ ، اور دولت کا استعمال کیا گیا اور کرپٹ پریکٹس ہوئی جس کے نتیجے میں بننے والی پارلیمنٹ اور آنے والی حکومت سے ملک و قوم کے لئے کوئی بہتری نہیں آئے گی ، معیشت کے مضبوطی اور سیاسی استحکام کے لئے صاف و شفاف انتخابات کا ہونا لازمی ہے ملک میں صاف و شفاف انتخابات کی بجائے دھاندلی کی بنیاد پر بننے والی حکومت سے معیشت کی مضبوطی کی توقع رکھنا دانشمندی نہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا حافظ حمداللہ نے کہاکہ بتایا جائے کہ کیا حالیہ الیکشن سے ملک میں سیاسی ، معاشی استحکام اور پارلیمنٹ مضبوط ہو جائے گی؟ ، حالیہ انتخابات نے تو جمہوریت ، سیاست اورسیاستدانوں کا جنازہ نکال دیا ہے یہ الگ بات ہے کچھ سیاستدان اورکچھ پارٹیاں یہ نہیں مانتی ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کے اندر سے جاوید لطیف سمیت درجنوں آوازیں آرہی ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے مگر ان آوازوں کو دبادیا گیا ، اسی طرح پنجاب کی پوری پیپلز پارٹی کہہ رہی ہے کہ ہمارے ساتھ دھاندلی ہوئی ، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے علاوہ بلوچستان ، خبیر پشتونخوا ، سندھ اور پنجاب غرض ملک کے تمام چھوٹی بڑی سب جماعتیں بیک اواز کہتی ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے تو یہ الیکشن کیسے تسلیم کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج جو حکومت بنا رہے ہیں وہ بھی حکومت اپنی مرضی سے نہیں بنا رہے میں نے پہلے بھی یہ کہا تھا کہ یہ سیاسی نکاح جبری نکاح ہے
یہ نکاح بالجبر یعنی قابل رضا نہیں ہے جو چل نہیں سکے گی ۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ انتخابات سے انتشار بڑھے گی ، انہوں نے کہاکہ میں تو جمہوریت کے لیے آئین کے لیے پارلیمنٹ کی سپرمیسی کے لیے لڑائی لڑ رہا ہوں ۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا حافظ حمداللہ نے کہا کہ ہم نے وضاحت کی ہے ن لیگ اور پیپلزپارٹی انتخابات کے بعد جس میں حیثیت میں سامنے آئیں یہ بھی کسی اور کی مرہون محنت ہے اس میں اپنی کاوش اورمحنت نہیں ہے ،
مذکورہ پارٹیوں نے انتخابات سے قبل جو اندازہ لگایا تھا انہیں اس اندازے کے مطابق سیاسی قوت نہیں ملی ، مذکورہ جماعتیں لیول پلینگ فیلڈ کس سے مانگ رہی تھی میں اکثر یہ سوال کرتا تھا کہ یہ لیول پلینگ فیلڈ کس سے مانگ رہے ہیں ، جنہوں نے ان کو جتنا لیول پلینگ فیلڈ دینا تھا انہوں نے اتنا ہی دیا جو سب کے سامنے ہیں ، انہوں نے کہاکہ مذکورہ جماعتیں پاور پولیٹکس کرتی ہیں آج جو پاور انہیں ملا ہے یہ انہیں اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے ملا ہیں ۔