|

وقتِ اشاعت :   February 25 – 2024

کوئٹہ:پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آمرانہ قوتوں نے انتخابات میں بدترین دھاندلی کرکے اور عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر ملک کو سخت سیاسی عدم استحکام سے دوچار کردیا ہے موجودہ حالات میں پہلے سے آزمودہ پی ڈی ایم پارٹیوں کو ایک دفعہ پھر اقتدار حوالے کرکے اس ملک اور عوام کے ساتھ سنگین مذاق کیاجارہا ہے،

قرضوں کے دلدل میں پھنسے اس ملک کے عوام پر آئی ایم ایف سے سمجھوتوں کے نتیجے میں بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتیں مزید بڑھا کر مہنگائی کے بم گرائے جائیں گے اور عوام کی معاشی بدحالی میں سخت اضافہ ہوگا اور ملک میں زبردست بحران جنم لیں گے۔ بیان میں اس بات پر تعجب کا اظہار کیا گیا ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک میں جمہوریت دن بدن مستحکم ہوتی جارہی ہیں اور الیکشن کروانے کے ذمہ دار ادارے انتخابی نظام میں پائی جانیوالی خامیوں کو دور کرکے مسلسل بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں

اور ساتھ ہی عوام کا اپنے اداروں پراعتماد بھی پختہ ہوتا جارہا ہے لیکن اس ملک میں اسٹبلشمنٹ ایک منظم پلان کے تحت خفیہ اداروں کو اپنے ہی شہریوں اور سیاسی پارٹیوں کے خلاف استعمال کرکے جمہوریت اور جمہوری اداروں کو کمزور کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور عالمی برادری میں اپنے ہی ملک اور اداروں کی بدنامی کا سبب بن کر عوام کی نظروں میں اپنی اہمیت، وقار اور ساکھ کھو بیٹھے ہیں۔

صرف یہی نہیں بلکہ عوام دشمن منصوبوں اور سازشوں کے ذریعے انتخابات میں برہنہ دھاندلی کرکے فیڈریشن کو سخت نقصان پہنچایا گیا ہے اور یاد رہے کہ غیر جمہوری قوتوں کو ان گناہوں کاخمیازہ مستقبل قریب میں بھگتنا پڑیگا۔ بیان میں اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا گیا ہے کہ انتخابات پر نظر رکھنے والی دنیا کے معتبر اداروں، عالمی میڈیا، ترقی یافتہ ممالک اور ملک کے اندر میڈیا، تقریبا تمام سیاسی پارٹیوں اور سنجیدہ سیاسی کارکنوں اور باشعور عوام نے موجودہ شرمناک انتخابات کو مکمل طور پر دھاندلی زدہ قرار دیکر اسے مسترد کردیا ہے

لیکن شرم کا مقام یہ ہے کہ اخلاقی جرات کرتے ہوئے نہ تو الیکشن کمیشن نے مستعفی ہوکر کوئی مثبت روایت قائم کی اور نہ ہی عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر اسٹبلشمنٹ نے شرمندگی اور سبکی محسوس کی جس سے صاف ظاہر ہے کہ اس ملک میں کسی بھی قسم کی جمہوری، اخلاقی، مذہبی، معاشرتی اور دیگرروایات موجود نہیں اور یہ معاشرہ سخت زوال پذیری کا شکار ہے اور ایسے معاشروں اور ملکوں کو تباہی اور ٹکڑے ہونے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتا۔ پریس ریلیز میں واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ دھاندلی زدہ الیکشن کے بعد سیاسی عدم استحکام میں مزید اضافہ ہوگا اورکسی بھی حکومت کیلئے حالات کو کنٹرول کرنا ممکن نہ ہوگا

کیونکہ آئی ایم ایف اور دیگر استعماری مالیاتی اداروں سے لئے گئے قرضوں کی ادائیگی کیلئے مالی وسائل موجود نہیں جبکہ قرض ادا کرنے کیلئے بجلی، گیس اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں بڑھانا اور ریاستی و عوامی اثاثے بیچنا واحد ذرائع ہیں اور ایسا کرنے سے بنیادی ضروری اشیاکی قیمتیں آسمان تک پہنچ جائینگی اور بدل میں عوام کی زندگی اجیرن بن جائیگی جبکہ غریب اور متوسط طبقے کے پاس سڑکوں پر نکلنے کے سوا کوئی چارہ نہ ہوگا ۔ حالات کی سنگینی نوشتہ دیوار ہے اوران حالات میں پشتونخوانیپ کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے حقیقی جمہوری قوتوں کے ساتھ ملکر عوامی حقوق کے حصول اور ہر قسم کی استحصال کے خاتمے کیلئے بھرپور جدوجہد کریگی۔