|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2024

کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی کی شدت برقرار ،شدید سردی اور یخ بستہ طوفانی ہواؤں کے باعث شہر کی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں ،کارو بار مفلوج اور لوگ گھروں تک محصور ہو کر رہ گئے ہیں گیس کی قلت اور بجلی کی آنکھ مچولی نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔اتوار کو کوئٹہ سمیت بلو چستان کے بیشتر اضلاع میں سرد ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا،

کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5ریکارڈ کیا گیا،قلات میں منفی 7،گوادر میں 9، تربت میں 8، جیوانی میں 5، سبی میں 8اور نو کنڈی میں صفر ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شدید سردی کے دوران شہری اپنے اپنے گھروں تک محدود نظرآئے جس سے کوئٹہ کی سڑکوں پرٹریفک کی روانی بھی معمول سے کم دیکھائی دی گئی۔

صوبے بھر کی طرح مکران کے تینوں اضلاع سمیت ساحلی علاقوں میں بھی غیر معمولی یخ بستہ سائبیرین ہواں کا راج برقرار ہے جس کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں موسم قدرے سرد ہے۔ سائبریا سے آنے والی ٹھنڈ اور یخ بستہ ہوا ں کی وجہ سے مکران کے ضلع پنجگور میں درجہ حرارت نقط انجماد سے نیچے تک گر گیا جبکہ ضلع کیچ اور ضلع گوادر میں درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اتوار کی صبح ساحلی شہر گوادر میں درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ، پسنی میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ اورماڑہ اور گردونواح کے علاقوں میں 7 سے 9 ڈگری سینٹی تک نیچے گر گیا۔

علاہ ازیں ضلع کیچ کے شہر تربت اور قرب و جوار کے علاقوں میں اتوار کی صبح کم سے کم درجہ حرارت 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ اس دوران مکران کے ضلع پنجگور میں درجہ حرارت نقظہ انجماد سے نیچے منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ تاہم محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ساحلی علاقوں میں تند و تیز یخ بستہ ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

سبی ،لہڑی اور گردو نواح کے علاقوں میں جاری بارشوں کے بعد یخ بستہ طوفانی ہواوں کے باعث سردی دو بارہ لوٹ آئی ہے یخ بستہ طوفانی ہواوں کے باعث سردی کی شدت میں زبردست اضافہ ہوا ہے شدید سردی اور یخ بستہ طوفانی ہوائیں چلنے کے باعث شہر کی رونقین بے رنگ ہو گئی ہیں بازار سنسان ہو گئے ہیںجبکہ شدید سردی کے باعث لوگ اپنے گھروں تک محصور ہو کر رہ گئے ہیں دوسری جانب شہر میں گیس کی پریشر میں کمی ،اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بجلی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کے مشکلات میں مذید اضافہ کردیا ہے ۔

گھریلو خواتین کو کھانا بنانے میں دشواری کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں 5 روز مطلع ابر آلود رہنے، بارش اور برفباری کے بعد مطلع صاف رہا، بلوچستان کے شمالی، مغربی اور شمال مشرقی علاقوں میں موسم شدید سرد رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج ( پیر) کو صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدیدسرد رہے گا۔