|

وقتِ اشاعت :   March 5 – 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے حلف اٹھانے کے بعد کام شروع کردیا ہے تاہم اب وہ اتحادیوں کی مشاورت کے ساتھ کابینہ کی تشکیل پر غور کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے پہلے مرحلہ کی تشکیل کیلئے مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے کا اعلان صدارتی انتخاب سے پہلے یا بعد میں متوقع ہے، اس حوالے سے مختلف آپشن زیر غور ہیں۔

وفاقی کابینہ میں کون کون شامل ہوسکتا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار یوسف کو مذہبی امور کا قلمدان دینے پرغور ہورہا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ امیر مقام کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

کابینہ سے متعلق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ مصدق ملک کو پیٹرولیم اور طارق فضل چوہدری کو کیڈ کی وزارت دینے پر غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ٹی کا قلمدان انوشہ رحمان کو ملنے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ عطاء اللہ تارڑ کو وزیر اطلاعات اور احسن اقبال کو وزیر داخلہ بنانے پرغور ہورہا ہے۔

ذرائع کے مطابق حنیف عباسی کو وزارت صحت اور خواجہ آصف کو وزارت دفاع کا قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ اور وزارت خارجہ کیلئے مختلف سینئر پارلیمنٹرین کے نام زیرغور ہیں۔