|

وقتِ اشاعت :   March 17 – 2024

کراچی:آئندہ مالی سال سے سندھ اور بلوچستان کے صارفین کے لیے گیس مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے جس کیلئے اوگرا کو درخواست جمع کرا دی گئی،درخواست کی سماعت آج(پیر) کراچی اور 20مارچ کو کوئٹہ میں ہوگی۔سوئی سدرن گیس کمپنی نے یکم جولائی 2024 سے گیس مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔

ایس ایس جی سی نے گیس قیمت میں 274روپے 40 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا ہے اور گیس کی نئی اوسط قیمت 1740.80روپے مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔درخواست میں سوئی سدرن نے کل 79ارب 63کروڑ روپے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا ہے جس میں مقامی گیس کی مد میں ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ 56ارب69 کروڑ روپے اور آر ایل این جی کے شارٹ فال کا تخمینہ 22 ارب 93 کروڑ 50 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔

اوگرا سوئی سدرن کی درخواست پر آج(پیر)کراچی میں سماعت کرے گا جبکہ اوگرا کی جانب سے درخواست پر 20 مارچ کو کوئٹہ میں بھی سماعت کی جائے گی۔اوگرا کے مطابق ایل این جی کی مد میں بھی 49روپے 63 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا گیا ہے۔

اس طرح، مقامی گیس اور ایل این جی پر مجموعی طو پر 324 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا گیا ہے۔واضح رہے کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک گیس کی قیمتوں میں 2 بار اضافہ کیا جاچکا ہے۔

یکم نومبر 2023 سیگیس ٹیرف میں تقریبا 200 فیصد تک اور یکم فروری 2024 سے گھریلو صارفین کے لییگیس67 فیصد تک مزید مہنگی کی گئی ہے، رواں مالی سال گیس کی قیمتوں میں اضافے کا گیس صارفین پر تقریبا 643 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جاچکا ہے۔