|

وقتِ اشاعت :   March 20 – 2024

کوئٹہ : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کسی بھی شکل میں ہو، پاکستانی قوم اس کی مذمت اور مزاحمت کے لیے متحد ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریسریلیزکے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر دہشتگرد حملے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ تشدد کی اِن بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد پاکستان میں استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانا ہے، لیکن ہم ایسے مذموم مقاصد کو ناکام بناکر ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اس طرح کی گھناؤنی حرکتوں سے خوفزدہ یا مایوس ہونے سے انکار کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مایوس ہونے کے بجائے، ہم تمام پاکستانیوں کے لئے ایک پرامن اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لئے اپنے اتحاد اور عزم سے طاقت حاصل کرتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جی پی اے کمپلیکس پر حملے کو ناکام بنانے والے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز کے جوان انتہا پسند عناصر کے خلاف جواں مردی سے نبرد آزما ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف پرعزم موقف اپنایا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم بطور قوم مل کر ملک کو درپیس تمام چیلنجوں پر قابو پالیں گے اور پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھریں گے۔