گوادر: استاد کی توجہ بہترین نصاب کا انتخاب اور طالبعلموں کی شوق و لگن پڑھائی کیلئے بنیادی اور اہم عنصر ہیں۔ استاد کی عظمت کو تسلیم کیے بغیر کامیابی ممکن نہیں، اساتذہ اپنے اندر احساس ذمہ داری اور پابندی وقت کو اپنا شعار بنالیں، ہم ترقی سے کیوں خوفزدہ ہیں، آنے والی ترقی ہماری شناخت کو نہیں مٹا سکتا ہے۔ گوادر کیلئے آنے والا دور یہاں کے لوگوں کیلئے موقع ہے۔ لاعلمی سے خوف پیدا ہوتا ہے، خوف سے نفرت اور نفرت سے تشدد پیدا ہوتی ہے۔اقتصادی راہداری کو لاعلمی کی وجہ سے متنازعہ بنایا جا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار چیرمین گوادر پورٹ اتھارٹی میر دوستین خان جمالدینی ، چیرمین میونسپل کمیٹی گوادر عابد رحیم سہرابی، ڈی ڈی ای او وہاب مجید، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن گوادر کے سرپرست اعلیٰ حاجی خدا بخش ہاشم اورہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی اسکول گوادر جدید ماسٹر حسن الاسلام نے یوم والدین کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں بچوں کیلئے بہت ضروری ہیں انھوں نے کہا کہ تعلیم کا اصل مقصد یہ ہیکہ ہم بچوں کو سوچنے اور تجربہ کرنے کی جانب راغب کریں۔ ہمارے نظام تعلیم میں بچوں کو اپنی رائے دینے کی گنجائش پیدا کرنا ہوگا۔ طالبعلم کے سیکھنے کی صلاحیت اور اخذ کرنے کی صلاحیت اہم اور اصل مسئلہ ہے۔ ہم سسٹم کو صرف دوش دیتے ہیں ، ہمیں اپنی ذمہ داریاں بھی ادا کرنی ہے ہم ایسے حالات اور مواقع پیدا نہ کریں کہ حکومت دیگر اداروں کی طرح تعلیمی اداروں کو بھی نجکاری کرے۔ انھوں نے کہا کہ اساتذہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں اور احساس ذمہ داری اور پابندی وقت کو اپنا ہتھیار بنا لیں استاد کی توجہ بہترین نصاب کا انتخاب اور طالبعلموں کی توجہ اور شوق پڑھائی کیلئے بنیادی اور اہم عنصر ہیں، کلاس روم کے باہر انتظامیہ اور اسکول کے باہر والدین اور معاشرہ کا اہم کردار ہے ۔ انھوں نے کہا کہ گوادر میں میر عبدالغفور کلمتی واحد شخصیت ہیں جنھوں نے تعلیم کیلئے لازوال خدمات سرانجام دیں ہیں وہ مختلف تعلیمی اداروں کی سرپرستی کر رہا ہے جو کہ اپنی مثال آپ ہے۔ انھوں نے کہا کہ لاعلمی کی وجہ سے خوف پیدا ہوتا ہے اور خوف سے نفرتیں اور نفرت سے تشدد جنم لیتا ہے ۔ علم کی کمی اور لا علمی کی وجہ سے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے ۔ یوم والدین میں طالب علموں نے نعت ، تقاریر ، خاکے، ڈرامہ اور ٹیبلو پیش کی۔ یوم والدین کے تقریب کے موقع پر طالب علموں نے اقتصادی راہداری کے موضوع پر ایک عدالت لگائی جسے چیرمین گوادر پورٹ نے اسے بہترین انتخاب اور آسان فہم قرار دیکر مختلف پلیٹ فارموں پر پیش کرنے کی پیشکش کی ۔ بلوچی زبان کے مشہور و معروف گلوکار خلیل سہرابی نے سید ہاشمی کا کلام پیش کیا اور خوب داد سمیٹی۔ چیرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نے اسکول لائبریری کیلئے دو کمپیوٹر کا اعلان کیا جب کہ چیرمین میونسپل کمیٹی گوادر نے اسکول ہذا کیلئے بیس ہزار اور اسکاؤٹس کیلئے پانچ ہزار کا اعلان کیا ۔ تقریب کے آخر میں اسکول کے اسکاؤٹس نے مہمانان خاص اور حاضرین کو سلامی پیش کی۔