بوستان : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سیاست سب سے زیادہ ایمانداری کا کام ہے جب کہ سیاست اس لےئے ضروری ہے کہ سیاست ہی کے ذریعے عوام کے حقوق واختیارات حاصل کےئے جاسکتے ہیں۔انگریز دور کیخلاف خان شہید کی شروع کردہ سیاسی جدوجہد ہی کے نتیجے میں انگریز کے قبضے کا خاتمہ ہوا ۔ سیاست کے نام پر لوٹ مار کرنیوالوں نے ہی سیاست کو بدنام کیا ۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری عبدالرؤف خان ، مرکزی سیکرٹری صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال ، رکن صوبائی اسمبلی سید لیاقت آغا ،ڈسٹرکٹ چےئرمین محمد عیسیٰ روشان نے کلی سر ڈب میں پرائمری سکول کی عمارت کے تعمیر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس سے محمد اکرم خان اور عمر خان نے بھی خطاب کیا ۔ جبکہ اس موقع پر 29افراد نے پشتونخوامیپ میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست سے منع کرنا درحقیقت اپنے وطن پر غیروں کے قبضے کو جاری رکھ کر اپنے عوام کو بے اختیار بنانا ہے ۔ جبکہ ہمارے وطن پر ہمارے عوام کا حق حاکمیت انسانی اور اسلامی اصولوں کے مطابق ہمارا حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے مقدس نام پر ووٹ لینے والے غیروں کی حکمرانی پر تھالیاں بجاتے ہوئے خوش ہوتے ہیں جبکہ ہم اپنے عوام کی خود مختاری چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ اپنے غیور عوام کی تاریخی مینڈیٹ کی ہر سطح پر احترام کریگی اور ہر قسم کے حالات میں اپنے عوام کے قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے ہر شعبہ زندگی میں حساب وکتاب کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ووٹ کی پرچی کی طاقت خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے ہی عطاء کی انکی تاریخ ساز جدوجہد اور سالہا سال جیل کی قربانیوں کے بدولت عوام کو ووٹ کا اختیار ملا ۔ جبکہ اسلام کے نام پر ہمیشہ عوام کو دھوکہ دینے والوں نے ہی جمہوریت اور ووٹ کی جدوجہد کے خلاف فتویٰ جاری کےئے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانو ں نے سکالر شپ ،میڈیکل ، سپورٹس سمیت ہرشعبہ زندگی میں کروڑوں روپے کا کرپشن کیا ۔ جبکہ پشتونخوامیپ کے نمائندوں نے تمام فنڈز عوام کے سامنے اشکارہ کرکے انہیں حق داروں میں تقسیم کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر سمیت صوبے کے ہر علاقے میں امن وامان کی بدترین صورتحال کو بہترین اور عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے تاریخی اقدامات کےئے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم لازمی اور ضروری ہے اور تعلیم کے حصول کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی ۔ جبکہ غیر حاضراساتذہ اور ڈاکٹروں نے اپنے رویہ تبدیل کرنے ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ پشتونخوا وطن کی ملی وحدت ملی شناخت کی بحالی ،قومی واک واختیار ، جمہوریت کے استحکام ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، قانون کی حکمرانی اور جنوبی پشتونخوا کے عوام کو ہر شعبہ زندگی میں برابری کا حق دلانے وآبادی وترقی کی جدوجہد ہر صورت میں جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر علاقے میں میرٹ اور معیاری کام کی تکمیل ضروری ہے اور غیر معیاری کام کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ، لاہور سمیت ملک کے مختلف بڑے شہروں میں پشتون عوام کے ساتھ غیر انسانی رویہ اور ان پر پابندی کے اقدامات ناقابل برداشت ہے ۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے پرائمری سکول کا افتتاح کیا اور پارٹی کے علاقائی رہنماء نواز خان سلیمانخیل کی جانب سے پروقار ظہرانہ دیا گیا ۔