سوراب: تحصیل سوراب کے علاقہ سیکم ماراپ میں دو بھائیوں سمیت تین قبائلی معتبرین قتل ، واقعہ قبائلی دشمنی بتائی جاتی ہے ، علاقہ میں کشیدگی برقرار، لیویز جائے وقوع کی جانب روانہ کردی گئی ہے تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ضلع قلات کے تحصیل سوراب کے نواحی علاقہ سیکم ماراپ میں گھات لگائے مسلح افراد نے مقابی قبائلی شخصیت ٹکری غلام مصطفیٰ مرداشئی محمد حسنی کے دوبیٹوں اور ان کے دیگر ساتھیوں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ دو موٹرسائیکلوں پر گھر جارہے تھے ۔ فائرنگ اتنی شدید تھی کہ تین افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جب کہ ان کا ساتھی شدید زخمی ہوگیا ۔ فائرنگ کے باعث الطاف حسین ولد ٹکری غلام مصطفی مرداشئی محمد حسنی اوراس کا بھائی محمد عارف ولد غلام مصطفی مرداشئی محمد حسنی اور ان کا ساتھی اسد اللہ ولد جہان خان محمد حسنی موقع پر مارے گئے جب کہ ان کا ساتھی امان اللہ ولد ثناء اللہ شدید زخمی ہوگیا ۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ واقع کی اطلاع پا کر اے سی سوراب لیویز فورس کے ہمراہ علاقہ کی جانب روانہ ہوگئے ۔ آمدہ اطلاعات کے مطابق قبائلی شخص کے دوبیٹوں سمیت تین افراد کے قتل کے بعد علاقہ میں کشیدگی پائی جاتی ہے اور کسی بھی ممکنہ غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے لئے لیویز فورس نے حکمت عملی ترتیب دی ہے ۔ علاوہ ازیں ضلع کیچ کے علاقہ ہوشاب ندی سے گولیوں سے چلنی تین نعشیں برآمد ، تینوں کو سرگردن اور جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں مار کر قتل کر دیاگیا ہے، مقامی لیویز کے مطابق منگل کے روز انہیں ملی ،ہوشاب ندی میں تین افراد کی نعشیں پڑی ہے جس پر لیویز نے تینوں مقتولین کی نعشوں کو قبضے میں لیکر شناخت کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال تربت منتقل کردیا رات گئے تک مقتولین کی شناخت نہیں ہو سکی ،دریں اثناء پنجگور کے علاقے میں سیکورٹی فورسز اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 1 شخص ہلاک اور ایک کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ ایمونیشن برآمد کر لیا یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز پنجگور کے علاقے میں سیکورٹی فورسز اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے مشترکہ کا رروائی اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص ہلاک اور 1 کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3کلاشنکوف،5 رائفلیں،2 پسٹل برآمد کر لئے لاش کو ہسپتال پہنچا دیا گیا مزید کا رروائی سیکورٹی فورسز کا عملہ کر رہا ہے۔