|

وقتِ اشاعت :   April 26 – 2016

کوئٹہ: ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ (ٹیگ) کے چیئر پرسن ڈاکٹر جین مارک نے پولیو وائرس کے خاتمے کے حوالے سے بلوچستان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے بلوچستان صحیح سمت پر گامزن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے دورے کے دوران کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سیف سے ملاقات میں کیا۔ڈاکٹر جین مارک کا کہنا تھا کہ پولیو کے حوالے بلوچستان کی کارکردگی تعریف کے قابل ہے اور صوبے میں پولیو وائرس کی ٹرانسمیشن خاتمے کے قریب پہنچ چکی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اب بھی کچھ کمزوریاں موجود ہیں جنہیں بہت جلد دور کرنے کی ضرورت ہے ۔ افغان مہاجرین کیمپ کی مانیٹرنگ پر زور دیتے ہوئے ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کے چیئرپرسن نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران افغان مہاجرین کے کیمپس کی نگرانی بہت ضروری ہے ، تمام یونین کونسلز میں پولیو ٹیمز کی کارکردگی بہتر جس سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، ان تمام کاوشوں کے باوجود ہمیں پولیو کے خلاف مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔صوبے کے ہائی رسک اضلاع میں مستقل کمیونیٹی ہیلتھ ورکرز کی تعیناتی کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر جین مارک نے کہا کہ بلوچستان کے ہائی رسک علاقوں میں 1200مستقل ہیلتھ ورکرز کی تعیناتی خوش آئند اقدام ہے جس سے پولیو کی تشخیص کے حوالے سے حساس علاقوں میں انسداد پولیو مہم میں مدد ملی ہے اور ہیلتھ ورکرز کی رسائی حساس اضلاع کے تمام بچوں تک ممکن ہو سکی ہے ۔ ٹیگ کے چیئر پرسن سے ملاقات میں کورآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر ڈاکٹر سیف الرحمان نے کہا کہ صوبے کے ہائی رسک علاقوں میں آئی پی وی پروگرام کی کامیابی پولیو کے خلاف ایک بڑی کامیابی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جامعہ حکمت عملی اور بہتر اقدامات کی وجہ سے بلوچستان میں جاری انسداد پولیو کی مہم کامیاب رہی ہیں،لوکل افراد کی ہائی رسک اضلاع میں تعیناتی سے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ڈاکٹر سیف نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے تعاون پولیو کے حوالے سے تمام حساس علاقوں میں ہیلتھ سینٹرز قائم کئے جائیں گے تاکہ پولیو ویکسین کے حوالے سے عوام میں پایا جانے والا ابہام دور کیا جا سکے۔ ٹیگ کے چیئر پرسن ڈاکٹر جین مارک سے میٹنگ میں سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر محمد عمر بلوچ، یونیسیف کی پولیو ٹیم لیڈر ڈاکٹر جواہر حبیب، ای پی آئی کے ڈاکٹر رحمت اللہ اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔