|

وقتِ اشاعت :   April 28 – 2016

کوئٹہ: حب میں پولیس نے لیاری کینگ وار غفار ذکری گروپ کے چار سہولت کاروں اور بھتہ خوری میں ملوث کالعدم علیحدگی پسند تنظیم کے ایک کارندے سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ ایس ایس پی لسبیلہ بشیر بروہی نے حب میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ حب کے علاقے رشید آباد میں حب پولیس ، اے ٹی ایف اور سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی اور لیاری گینگ وار کے چار سہولت کاروں منصور ولد بہار شاہ بلوچ، رسول بخش ولد داد محمدبلوچ، مسلم ولد محمد رمضان بلوچ اور دوست علی ولد شیر علی مگسی کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے پانچ دستی بم، دو کلاشنکوف، ٹی ٹی پستول اور چار سو کارتوس برآمد کئے گئے ۔ بشیر بروہی نے بتایا کہ ملزم منصور کو چند روز پہلے گرفتار کیا گیا تھا اور باقی گرفتار یاں دوران تفتیش ان کی نشاندہی پر عمل میں لائی گئیں۔ ملزم منصور کراچی پولیس کو مقابلے کے کیس میں مطلوب ہیں جبکہ باقی ملزمان کے ریکارڈ کیلئے بھی کراچی پولیس کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے ارشد پپو گروپ کے اہم کارندے غفار ذکری کے سہولت کار ہیں۔ ملزمان میں سے ایک کی ٹیکسی بھی ہے جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ اس ٹیکسی کی مدد سے ملزمان نے پولیس اور ایف سی کے چھاپے کے دوران غفار ذکری کو فرار کرانے میں مدد فراہم کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ لیاری اور کراچی میں آپریشن کے بعد ملزمان حب فرار ہوگئے تھے اور اپنا اسلحہ حب میں ایک مکان میں دفن کر رکھا تھا تاہم حب پولیس نے مؤثر کارروائیوں کے ذریعے اس تاثر کو ختم کردیا ہے کہ حب کراچی سے بھاگ کر آنے والے جرائم پیشہ عناصر کیلئے جنت کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم نے مذہبی عسکریت پسند ہو یا لسانی دہشتگرد تنظیموں کے کارندوں سب کے خلاف کارروائیاں کی ہیں اور کئی اہم گینگ ختم کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور کارروائی میں غریب آباد سے ایک ملزم احمد ولد محمد بخش کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے ۔ ملزم خود کو کالعدم تنظیم بی ایل اے کا کارندہ ظاہر کرکے فیکٹری مالکان سے بھتہ وصول کرتا تھا اور انہیں موبائل فون پر دھمکیاں دیتا تھا۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کرکے ایک پستول اور موبائل بھی برآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک اور کارروائی میں گڈانی میں فائرنگ کے تبادلے میں گل حسن بگٹی گروہ کے ایک ملزم اسحاق کو گرفتار کرلیا ہے۔