مظفر گڑھ: صوبہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ کے علاقے سناواں میں ایک گھر میں آتشزدگی سے 5 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) اویس احمد کے مطابق سناواں میں پیر مٹھا دربار کے قریب واقع جس گھر میں آگ لگی وہاں رہنے والے 2 بھائی لکڑی اور پلاسٹک کی مدد سے واٹر کولرکی اسکرین بنانے کا کام کرتے تھے۔
گھر میں بجلی کے شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ نے مذکورہ سامان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں ایک 25 سالہ خاتون اور 5 بچے جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں ایک سے 14 سال کے درمیان تھیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پالیا۔
ہلاک ہونے والوں میں 4 بھائی بہن 8 سالہ حامد، 4 سالہ ارسلان، 14 سالہ نورین، ڈیڑھ سالہ حانیہ، 25 سالہ آمنہ اور ان کا 2 سالہ بیٹا شامل ہیں۔