کوئٹہ: کوئٹہ میں پولیس کی گاڑی پر بم حملے میں پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے تھانہ نیو سریاب کی حدود نواحی علاقے مشرقی بائی پاس پر قاسم لائن کے قریب بلوچستان پولیس کے ریپڈ رسپانس گروپ (آر آر جی ) کی دو گاڑیوں کو اس وقت بم حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ پٹرولنگ کیلئے وسطی شہر کی طرف جارہی تھیں۔ زوردار دھماکے سے ایک گاڑی رجستریشن نمبر QAU7226کو نقصان پہنچا۔ گاڑی میں چھ اہلکار سوار تھے جن میں اے ایس آئی نور محمد محفوظ رہے جبکہ باقی پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔ اے ایس آئی نور محمد نے بتایا کہ ہم معمول کے مطابق دو گاڑیوں میں شہر کی طرف جارہے تھے جیسے ہی سڑک سے کچے راستے کی طرف مڑے تو موڑ پر ہی دھماکا ہوگیا۔ ہماری دھماکے کی جگہ سے چند فٹ ہی گزری تھی جس کی وجہ سے پیچھے بیٹھے چاروں اہلکار اور میرے ساتھ بیٹھا ڈرائیور زخمی ہوا جبکہ میں محفوظ رہا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، بلوچستان کانسٹیبلری، آر آر جی ، ایف سی اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اہلکار اور اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سپاہی شاہ نواز کو سر پر لوہے کا ٹکرا لگا ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے جبکہ سپاہی طارق علی اور سپاہی محمد رمضان کو کو جسم کے مختلف حصوں شدید زخم آئے ہیں۔ سپاہی لیاقت علی اور ڈرائیور محمد جاوید کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمان، ڈی آئی جی کوئٹہ منظور سرور چوہدری، ایس ایس پی آپریشن ندیم حسین، ایس پی سریاب ظہور احمد آفریدی اور دیگر پولیس حکام نے سی ایم ایچ جاکر زخمیوں کی عیادت کی اور جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر کوئٹہ پولیس کے ایس ایس پی آپریشن ندیم حسین نے بتایا کہ آر آر جی کے بارہ جوان دو گاڑیاں قاسم لائن سے سول لائن پولیس تھانہ کی حدود میں عوام کے تحفظ کیلئے پٹرولنگ ڈیوٹی پر جارہے تھے۔ قاسم لائن سے تقریبا سو میٹر کے فاصلے پر انہیں نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تھیں دھماکا دو کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم کا تھا جو سڑک کنارے بجری کے ڈھیر میں چھپایا گیا تھا۔ دھماکے کی جگہ پر تقریبا ایک فٹ کا گڑھا بن گیا۔ دھماکے سے ایک گاڑی کو نقصان پہنچا اور پانچ اہلکار زخمی ہوئے جن میں تین کو شدید زخم آئے ہیں جبکہ باقی دو معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا جارہاہے۔ ایس ایس پی آپریشن نے کہا کہ دہشتگرد بزدلانہ کاررائیوں سے پولیس کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کو ڈھونڈ کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔