|

وقتِ اشاعت :   4 hours پہلے

کوئٹہ: بلوچ ڈاکٹرز فورم کے مرکزی ترجمان نے حکومت بلوچستان اور بیوروکریسی کے ڈاکٹر برادری کے ساتھ روا رکھے جانے والے رویے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا حکومت کو اقتدار میں آئے ایک سال مکمل ہونے کو ہے، لیکن صوبے کے اسپتالوں کی حالت جوں کی توں ہے۔ شعبہ صحت تباہی کے دہانے پر ہے، اور اپنی نااہلی کا ملبہ ڈاکٹرز کمیونٹی اور ملازمین پر ڈالنا شرمناک ہے۔ترجمان نے کہا کہ بلوچستان کی عوام دیکھ رہی ہے کہ اسپتالوں میں بنیادی سہولیات دن بہ دن ختم ہوتی جا رہی ہیں۔ پچھلے سال کے میڈیسن ابھی تک ٹینڈر نہیں کیے جاسکے۔

ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے فیصلے بھائیوں اور رشتہ داروں کے ذریعے کیے جارہے ہیں۔ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں عوام کی خدمت شامل ہی نہیں بلکہ وہ صرف ٹھیکیدار اور بھتہ خور مافیا کو خوش کرنے میں مصروف ہے، جس کے باعث سرکاری ادارے دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افسر شاہی کا ڈاکٹروں کے ساتھ نامناسب اور غیر پیشہ ورانہ رویہ ناقابل برداشت ہے۔ اور اس عمل میں انکا ساتھ دینے والے ڈاکٹرز بھی ڈاکٹروں کے مجرم ہیں۔ ایڈہاک انٹرویوز کے دوران افسر شاہی کا رویہ افسوسناک اور قابل نفرت ہے، اور بلوچ ڈاکٹرز فورم اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان نے آخر میں کہا کہ ڈاکٹر برادری ان حالات میں متحد ہے اور ایسے رویے کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی۔ ڈاکٹرز کمیونٹی اس بات پر متفق ہے کہ بلوچستان کے شعبہ صحت کی بہتری اور عوام کی خدمت کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *