کوئٹہ+اسلام آباداین این آئی صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی سمیت پیپلزپارٹی کی کابینہ و پارلیمانی ارکان کی ملاقات،صدرمملکت نے وزیراعلیٰ کومالی بدعنوانی اور بے ضابطگیوںمیں ملوث وزراء اورافسران کے خلاف کارروائی کرنے اور پارلیمانی ارکان کے تحفظات کو دورکرنے کی ہدایت کردی۔
ہفتہ کو صدرمملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی،پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر میرمحمدصادق عمرانی،صوبائی وزراء و ارکان اسمبلی سردارفیصل خان جمالی،سردار بابا غلام رسول عمرانی،میر لیاقت علی لہڑی،میر علی حسن زہری،سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج نے ملاقات کی۔
ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال ،انتظامی امور،امن و امان ،ترقی و خوشحالی،وزراء کے اختیارات پر تحفظات،پارلیمانی ارکان میں فنڈز کی منصفانہ تقسیم ،بلوچستان کے بے روزگار نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار کی فراہمی ،بعض محکموں میںملازمتوں کی خریدوفروخت اور بدعنوانی سمیت مجموعی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدرمملکت نے پارلیمانی ارکان کے تحفظات کو غور سے سنااور وزیراعلیٰ کوہدایت کی کہ جو وزراء ملازمتوںسمیت دیگر معاملات میں بے ضابطگیوں میں ملوث ہیں انکو نوٹس جاری کیا جائے اوربلوچستان کے پارلیمانی ارکان نے جن مسائل اور تحفظات کی نشاندہی کی ہے انہیں فوری طور پردور کیا جائے۔صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہاکہ بلوچستان کے مسائل کا حل انکی اولین ترجیح ہے جس میں کسی صورت کوتاہی نہ برتی جائے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے صدرمملکت کویقین دہانی کرائی کہ وہ انکی ہدایت پرعملدرآمد کرتے ہوئے مسائل کوحل کریں گے۔