حب : پاکستا ن ہمارا وطن اور بلوچستان ہمارا صوبہ ہے ، ہم سب کو آپس کے اختلافات بھلا کر پاکستان بالخصوص بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان صدر آصف علی زرداری ، صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت و زراعت میر علی حسن زہری نے نئے عیسوی سال کے آغاز کے موقع پر اپنے تہنیتی بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی جمہوری سیاسی پارٹی ہے اور صدر آصف علی زرداری کی مدبرانہ اور نوجوان بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہے جبکہ بلوچستان بھر میں یکساں ترقی و خوشحالی ہماری سیاست کا محور ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہم اپنی استطاعت کے مطابق بھرپور محنت کر رہے ہیں اور عوامی مسائل حل کرنے کے لئے یہ مشن جاری رہے گا۔ بلوچستان میں پسماندہ علاقو ں کو ترقی میں پورا حصہ دینے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے اور سی پیک سمیت بہت سے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی ہے۔میر علی حسن زہری نے پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی اداروں کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و امان قائم کیا ہے جسے دہشت گرد مفاد پرست عناصر کی مدد سے سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے اورانشاء اللہ تعالیٰ آئندہ بھی ان کے مذموم مقاصد کو کسی صورت پورا نہیں ہونے دیں گی۔
انہوں نے نئے سال کے آغاز پر امید ظاہر کی ہے کہ نیا سال پاکستان بالخصوص بلوچستان کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و امان سمیت سیاسی و معاشی صورتحال بہتر ہوگی ۔صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور زراعت میر علی حسن زہری نے کہا کہ بلوچستان میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر سرمایہ کار بھرپور استفادہ حاصل کر سکتے ہیں ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ 2025 ء کو پاکستان کے لئے پرامن اور ترقی و خوشحالی کا سال بنائے اور ہم سب کو دشمنوں کی چالوں اور ناگہانی آفات سے محفوظ رکھے اورہمیں اپنے عوام کے لئے ان کے جائز حقوق ان کی دہلیز پر پہنچانے کی طاقت عطا کرے۔