کوئٹہ: اپوزیشن رکن عبدالرحمان کھیتران نے الزام لگایا ہے کہ کہ مشتاق رئیسانی کے گھر سے پانچ بی ایم ڈبلیو گاڑیاں، کارخانوں کے کاغذات اور ایک سے زائد پاسپورٹ برآمد ہوئے۔بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن جماعت جمعیت علمائے اسلام کے رکن اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران کا کہنا تھا کہ مشتاق رئیسانی گرفتاری کے بعد بے ہوش ہوگئے، اتنا کمزور آدمی اتنی بڑی رقم کیسے رکھ سکتا ہے۔ مشتاق رئیسانی کرپشن کی بنیاد ہے ، جڑوں کو تلاش کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری خزانہ کرپشن کے کنویں میں تھے۔ یہ ملکی تاریخ کا کرپشن کا میگا اسکینڈل ہے۔ اپوزیشن رکن کا کہنا تھا کہ تمام وزراء کو تحقیقات مکمل ہونے تک مستعفی ہونا چاہیے۔ کرپشن کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے۔ جے آئی ٹی میں انٹی کرپشن، نیب اور ایف آئی اے کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جے آئی ٹی کے سامنے تمام کرپٹ بیورو کریٹس کے نام بتانے کو تیار ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مشتاق رئیسانی کے گھر سے صرف نقدی ہی نہیں بلکہ پانچ بی ایم ڈبلیو گاڑیاں، کارخانوں کے کاغذات اور ایک سے زائد پاسپورٹ بھی ملے ہیں۔