کراچی/کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سینئر رہنماء سابق وزیراعلی بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثنا اللہ خان زہری نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں ضلع مستونگ کے علاقہ دشت گونڈین میں سریلا سیمنٹ فیکٹری کو تباہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو عوام دشمنی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیمنٹ فیکٹری سے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ تھا غریب لوگ یہاں مزدوری کر کے اپنے بچوں کا پیٹ پال رہے تھے
بلوچستان میں روزگار کے ذرائع بہت محدود ہیں لیکن شر پسند عناصر نے سریلا سیمنٹ فیکٹری کو تباہ کرکہ غریب عوام کے ساتھ دشمنی کی انتہا کر دی ہے یہ ایک معاشی دہشت گردی ہے اس فیکٹری کی تباہ ہونے سے اب ہزاروں لوگ بے روزگار ہو کر نان شبینہ کے محتاج بن گئے ہیں شر پسند عناصر بلوچستان کے عوام کے روزگار کے ذرائع کو تباہ کر کے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں
ایسے اقدامات سے انہیں عوام کی بد دعائیں اور ندامت ہی ملے گی نواب ثناء اللہ خان زہری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سریلا سیمنٹ فیکٹری کو تباہ کرنے والے عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر کے انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے اور سریلا سیمنٹ فیکٹری کے نقصانات کا ازالہ کر کے انہیں بہترین سیکورٹی فراہم کیا جائے۔
Leave a Reply