کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی دعوت پر سوئٹ ہوم اسلام آباد کے بچوں نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی ، بچوں نے وزیر اعلٰی کے ساتھ کھانا کھایا اور بلوچستان سے متعلق مختلف امور پر سوالات کئے میر سرفراز بگٹی نے سوئٹ ہوم اسلام آباد کے بچوں کے وفد کو کوئٹہ آمد پر خوش آمدید کہا اور انہیں بلوچستان سے متعلق تاریخی و حالات حاضرہ کی معلومات دیں اور صوبائی حکومت کی ترجیحات سے آگاہی دیتے ہوئے طالب علموں کے لئے تعلیمی وظائف ، بچیوں کے لئے پنک اسکوٹی اسکیم، نوجوانوں کے لئے اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام سمیت دیگر فلاحی منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا ملاقات میں چئیرمین سوئٹ ہوم اسلام آباد زمرد خان، سینیٹر دنیش کمار اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان بھی موجود تھے
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بچوں کی خداداد صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کے حوصلے اور عزم کی تعریف کی انہوں نے کہا کہ سوئٹ ہوم جیسے ادارے معاشرتی بہبود کے لیے روشن مثال ہیں اور یہ ہمارے معاشرے کی امید ہیں ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بچوں کو تحائف پیش کئے اور ان کے بہتر و روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، سوئٹ ہوم کے بچوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی خوشی اور دلی مسرت کا اظہار کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ تمام بچے ہمارے روشن مستقبل کی نوید ہیں ان کی اچھی تعلیم و تربیت ہماری ذمہ داری ہے بلوچستان حکومت یتیم بچوں کی کفالت اور ان کی بہتر نشوونما کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی
انہوں نے کہا کہ سوئٹ ہوم اسلام آباد کی طرز پر بلوچستان میں بھی ایک مثالی ادارہ قائم کیا جائے گا جہاں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ یتیم بچوں کو بہتر مستقبل کی ضمانت دی جا سکے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچوں کی فلاح و بہبود کے منصوبے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور ان پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایسے فلاحی ادارے معاشرتی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں اور حکومت ان کی ہر ممکن معاونت کرے گی سوئٹ ہوم اسلام آباد کے سربراہ زمرد خان نے کہا کہ یہ ملاقات محبت، شفقت اور معاشرتی خدمت کے جذبے کی عکاس تھی جس نے بچوں کو نہ صرف خوشی دی بلکہ ان کے مستقبل کے لیے امید کی کرن بھی روشن کی
Leave a Reply