ڈیووس:وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی اقتصادی فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، جو 44 فیصد رقبے پر مشتمل ہے اور عالمی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عالمی برادری کے لیے ایک مثالی اقتصادی مرکز بن سکتا ہے اور یہ پورے پاکستان اور دنیا کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھول سکتا ہے۔
وزیر اعلی نے اپنے خطاب میں گوادر پورٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ سی پیک کے سنگ بنیاد کے طور پر مرکزی حیثیت رکھتی ہے اور گوادر فری زون کو خصوصی اقتصادی زون کے طور پر سرمایہ کاروں کے لیے سازگار بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ریکوڈک کے معدنی ذخائر کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی زراعت اور ماہی گیری بھی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ان کی حکومت تعلیم، صحت، اور روزگار کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
مقامی کمیونٹیز کو ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرنے کے ذریعے بلوچستان کے عوام کو ترقی کے ثمرات سے مستفید کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری نہ صرف صوبے بلکہ پورے پاکستان اور عالمی برادری کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ وزیر اعلی نے عالمی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ بلوچستان کے قدرتی وسائل اور اس کی بے مثال اقتصادی اہمیت سے فائدہ اٹھائیں۔
Leave a Reply