|

وقتِ اشاعت :   6 hours پہلے

کوئٹہ: خضدار میں خاتون کے اغواء کے واقعے پر حکومت بلوچستان نے سخت ترین کارروائی کا آغاز کر دیا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے، جس کے نتیجے میں پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وہ اس سانحے کی تفتیش کی خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی مجرم کو رعایت نہ ملے اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

اس سلسلے میں انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوائی جائے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس واقعے کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت ہر صورت مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی ظالم کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا

سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس”پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا، “ظالم انجام کو پہنچے گا!” ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں حکومت بلوچستان نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق کوئی بھی معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں تاکہ جلد از جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *